بچپن سے لے کر آج تک 90 کی دہائی کے مڈل کلاس گھرانوں کے بچے اپنے گھروں میں کچھ مخصوص چیزیں دیکھتے آ رہے ہیں جو آج بھی ان کے گھروں میں موجود ہیں۔ دلچسپی کی بات تو یہ ہے کہ محض کچھ لوگوں کے ہی نہیں بلکہ نوے فیصد افراد کے گھر میں یہ اشیاء موجود ہیں۔
ہماری ویب ہمیشہ ہی اپنے پڑھنے والوں کے لیے دلچسپ قصے اور آرٹیکلز لے کر آتی ہے جسے پڑھنے کے بعد قارئین داد دیے بنا نہیں رہتے۔ آج بھی ہم آپ کے شوق اور دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ اسٹوری لائے ہیں۔
آئیے دیکھتے بیں کہ وہ کون سی 6 چیزیں ہیں جو ہر مڈل کلاس پاکستانی کے گھر میں ضرور موجود ہوتی ہیں۔
اسٹیل کا گلاس یا کٹورا
پہلے وقتوں میں نانا نانی یا دادا دادی وغیرہ شوق سے اسٹیل کے گلاس اور کٹورے لایا کرتے تھے اور اس میں پانی اور مختلف مشروبات پیا کرتے تھے، تاہم آج بھی بہت سے گھروں میں یہ لازمی موجود ہوتے ہیں۔ کچھ لوگوں کا تو یہ بھی ماننا ہے کہ سخت گرمی میں جب تک اسٹیل کے کٹورے یا گلاس میں پانی نہیں پیا جائے تب تک پیاس ہی نہیں بجھتی۔
شاپروں سے بھرا ایک بڑا شاپر
گھر کی کسی بھی مخصوص جگہ پر ایک بڑا پلاسٹک کا شاپر ضرور ہوتا ہے جس کے اندر چھوٹے شاپر ہوتے ہیں۔ پھر کسی بھی ضرورت کے تحت وہاں سے شاپر نکال لیے جاتے ہیں۔ معمولی کچرا پھینکنا ہو یا کسی بھی اور ضرورت کے لیے وہاں سے شاپر لیا جاتا ہے۔
آئس کریم کے ڈبے
سگھڑاپے اور کفایت شعاری میں پاکستانی ماؤں کو کوئی مات نہیں دے سکتا۔ گھر میں جب بھی آئس کریم کا ڈبہ آتا ہے تو بچوں کی نظریں تو آئس کریم پر ہوتی ہیں لیکن ماؤں کی نظریں ان کے ڈبوں پر ہوتی ہیں۔ مائیں ان ڈبوں کو دھو کر رکھ لیتی ہیں پھر اس میں یا تو بچا ہوا سالن ڈال کر فریز کر لیتی ہیں یا پھر ابلے چنے یا کوئی بھی اور چیز۔
بسکٹ کے ڈبے میں نلکیاں
یہ بھی ہر کسی کے گھر میں ہوتا ہے۔ بسکٹ کے ایک مخصوص ڈبے میں ریلیں، نلکیاں اور سوئیاں وغیرہ ہوتی ہیں۔
کولڈ ڈرنک کی بوتلیں یا پانی کی بوتلیں
گھر پر دعوت ہو یا کوئی اور تقریب، کولڈ ڈرنک کی بوتلیں خالی ہونے پر کبھی نہیں پھینکی جاتیں۔ انہیں دھو کر پانی بھر کر فریج میں رکھ دیا جاتا ہے اور یہ لیں! ایک اور خرچہ کی بچت جو کہ پانی کی بوتلیں خریدنے پر ہوتا۔
جام کی بوتلیں
بچے ڈبل روٹی پر جام بہت شوق سے لگا کر کھاتے ہیں، تاہم مائیں انہیں بھی خالی ہونے کے بعد دوبارہ استعمال کر لیتی ہیں۔ انہیں دھونے کے بعد اس میں لہسن ادرک کا پیسٹ یا دیگر مسالحہ جات محفوظ کر لیے جاتے ہیں۔
یقیناً یہ سب آپ کے گھر میں بھی ضرور ہو گا۔ اگر ہم کچھ لکھنا بھول گئے ہیں تو کمنٹ سیکشن میں لازمی بتائیں۔ اپنی قیمتی رائے کا اظہار ہماری ویب کے فیسبک پیج پر کرنا نا بھولیں۔