چین کی سرکاری کورونا ویکسین ساز فارما کمپنی سائینو فارما سے ویکسین خریدنے کا فیصلہ، 2021 کی پہلی سہ ماہی میں مہیا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے چینی کمپنی سے ویکسین خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم 2021 کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین کی ڈوز مفت مہیا کی جائیں گی۔
فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں بتایا کہ ابتدائی طور پر چینی کمپنی سائنو فارم سے کرونا ویکسین کی 12 لاکھ ڈوز خریدی جائیں گی تاہم نجی سیکٹر اگر کوئی اور منظور شدہ ویکسین درآمد کرنا چاہے تو اس کی اجازت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اسد عمر کی زیر صدارت کورونا ویکسین کی خریداری سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں کورونا ویکسین کی خریداری دوست ملک چین سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا، این سی او سی کے اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری، حماد اظہر، ثانیہ نشتر، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے شریک ہوئے۔
یاد رہے کہ ''سائینو فارم'' چین کی سرکاری کورونا ویکسین ساز فارما کمپنی ہے جس کو قابلِ اعتماد قرار دیا گیا ہے۔