اب گھر پر رہتے ہوئے کاروبار کرنے کے 4 ایسے طریقے جانیں جن پر عمل کر کے آپ گھر بیٹھے ہزاروں روپے کما سکتے ہیں

ہماری ویب  |  Dec 24, 2020

آج کل پاکستان میں بہت سے افراد بے روزگار ہیں اور کچھ کمی عالمی وبا کورونا وائرس نے بھی پوری کر دی۔ وبا کے باعث لاک ڈاؤن تھا جس کی وجہ سے کئی لوگوں کے کاروبار متاثر ہوئے اور کچھ کی جاب بھی چلی گئی۔ لیکن جہاں مشکل ہوتی ہے وہیں کوئی نا کوئی راستہ بھی لازمی نکل آتا ہے۔ بس انسان کو اپنی پریشانی اور دماغی حالت پر قابو پانے کی ضرورت ہوتی ہے۔

آج بھی بہت سے افراد گھر بیٹھے آسانی سے پیسے کما رہے ہیں، بس اگر شروعات میں تھوڑی سی محنت کر لی جائے تو آپ کی زندگی اور کاروبار دونوں سیٹ ہو سکتا ہے۔

آئیے آپ کو کچھ ایسی ٹپس دیتے ہیں جنہیں اپناتے ہوئے آپ اپنی آمدنی کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔

1) گھروں میں اسٹور کھولیں

یہ آئیڈیا خواتین کے لئے بہترین ہے۔ اپنا بزنس چھوٹے سے شروع کریں۔ پاکستان کے کئی چھوٹے شہروں میں خواتین اپنے گھروں میں اسٹور کھولے بیٹھی ہیں جس پر بچوں کے چھوٹے موٹے کھلونے، کھانے کی چیزیں، خواتین کا ذاتی سامان اور جیولری وغیرہ ہوتی ہے۔ تاہم بڑے شہروں میں یہ طریقہ انتہائی کارآمد ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ چھوٹی چھوٹی چیزوں کے لئے خواتین اور مرد حضرات کو بڑے بڑے شاپنگ سینٹرز یا سپر اسٹورز کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ لہٰذا آپ اپنے اسٹور پر ضرورت کی تمام چھوٹی موٹی اشیاء رکھیں، جب آپ کا کام چل پڑے اور گاہک بن جائیں تو پھر بڑی اور مہنگی چیزیں بھی اسٹور کا حصہ بنا لیں۔

2) سوشل میڈیا

آج کل کا جدید دور ٹی وی کا نہیں بلکہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا ہے۔ سینکڑوں اور ہزاروں کی تعداد میں افراد سوشل میڈیا کی مختلف ویب سائٹس سے پیسے کما رہے ہیں۔ آپ فیسبک یا انسٹاگرام پر اپنا پیج بنائیں جس پر مختلف بیوٹی پروڈکٹس کے ریویو لوگوں کو دیں یعنی انہیں بتائیں کہ یہ چیز استعمال میں کیسی ہے، اس کے علاوہ آپ کو اگر لکھنے کا شوق ہے تو اس کا پیج بھی بنا سکتے ہیں۔ اپنی لکھائی لوگوں کو پڑھائیں۔ آپ سوشل میڈیا پر وی لاگنگ بھی کر سکتے ہیں، یوٹیوب چینل بنائیں اور ویڈیو اپ لوڈ کریں۔ یہ ایک ایسا کام ہے جو شروعات میں محنت طلب ہے لیکن جب آپ کے پیج پر فالوورز بڑھ جائیں تو بس آپ کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں صرف پوسٹ اپ لوڈ کرنا ہوگی۔ مختلف برانڈز آپ سے کانٹیکٹ کریں گے اور اپنی پروڈکٹ کی مارکیٹنگ کا کہیں گے۔آپ اس کام کی من پسند قیمت وصول کر سکتے ہیں۔

3) گھر میں ٹیوشن سینٹر کھولیں

بہت سی خواتین بچوں کو ٹیوشن پڑھاتی ہیں جس سے ان کی معقول آمدنی ہو جاتی ہے۔ آپ بھی اگر کچھ کرنے کا سوچ رہی ہیں تو گھر کے باہر ٹیوشن سینٹر کا بورڈ لگائیں اور بچوں کو پڑھائیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران چونکہ تمام اسکول بند ہیں اسی لیے بہت سے والدین اپنے بچوں کو ٹیوشن بھیجنے کا سوچیں گے۔ تو بس! جلد از جلد گھر کے باہر بورڈ لگائیں اور بچوں کو پڑھائیں۔

4) اپنے ہنر کو استعمال کریں

ہر شخص میں کوئی نہ کوئی ہنر لازمی ہوتا ہے۔ بہت سی خواتین مہندی لگاتی ہیں، کپڑے سلائی اور کڑھائی کرتی ہیں، کچھ پینٹگ بھی بناتی ہیں۔ اپنے ہنر کو ہرگز ضائع مت کریں۔ گھر کے باہر بورڈ لگائیں اور اس ہنر سے پیسے کما کر فائدہ اٹھائیں۔

٭ ہماری ویب ماضی میں بھی آپ کی عام مشکلات کا بہترین حل بتاتا رہا ہے، امید ہے کے یہ ٹپس بھی آپ کے کچھ کام آئیں۔ اپنی قیمتی رائے سے ہمیں آگاہ کرنا نہ بھولیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More