حکومت فیصلہ واپس لے ورنہ۔۔۔ تعلیمی اداروں کی بندش کے خلاف اساتذہ کا احتجاج جاری

ہماری ویب  |  Dec 24, 2020

فیصل آباد میں تعلیمی اداروں کی بندش کے خلاف اساتذہ کا احتجاج، 11 جنوری کے بعد اسکول بند نہ رکھنے کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں اساتذہ تعلیمی اداروں کی بندش کے خلاف سراپا احتجاج ہو گئے، اساتذہ نے احتجاجی مارچ کیا جس میں خواتین اساتذہ اور سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک ہوئے۔

مارچ میں شریک مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد سے جلد اسکولز واپس کھولے جائیں، تاہم اساتذہ ایسوسی ایشن نے 11 جنوری کے بعد اسکول بند نہ رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن کے زیر اہتمام مختلف نجی تعلیمی اداروں کے مالکان اور اساتذہ فیصل آباد کے ضلع کونسل چوک پر جمع ہوئے اور گھنٹہ گھر چوک تک احتجاجی مارچ کیا، احتجاجی شرکاء نے تعلیمی اداروں کی بندش کے خلاف بینرز اور پوسٹرز اٹھا ئے ہوئے تھے اس موقع پر بھر پور نعرے بازی بھی کی گئی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ اسپتال دفاتر کھیل، کاروبار، فیکٹریاں اور دیگر شعبے مکمل کھلے ہوئے ہیں صرف تعلیمی اداروں پر ہی بندش کیوں لگائی گئی ہے، اساتذہ نے کہا کہ کورونا وائرس میں مستقبل کے معماروں کو تعلیم سے محروم کیا جا رہا ہے۔

احتجاجی مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ایس او پیز کے تحت تعلیمی ادارے کھولنے کی جازت دے، تاہم نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ 11 جنوری کے بعد تعلیمی ادارے کسی صورت بند نہیں رکھے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا کی پھیلتی دوسری لہر کے بعد ایک بار پھر تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں 10 جنوری تک کے لئے معطل کر دی گئیں ہیں تاہم آن لائن کلاسز کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More