2020 ایک ایسا سال تھا جس کا کسی نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔ علامی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں 5 ماہ سے زیادہ عرصہ تک لاک ڈاؤن رہا جس کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محدود رہے تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اس وقت کو خوب کیش کیا۔
فیسبک، ٹوئٹر، انسٹاگرام پر اس قدر مزاحیہ میمز بنائے گئے کہ لوگوں نے اس سے بھرپور لطف اٹھایا اور اسے لاکھوں صارفین نے شئیر بھی کیا۔
کچھ مشہور میمز ملاحظہ کیجیے:
پی ایس ایل 5 کا ترانہ ''تیار ہو''
2020 میں پی ایس ایل سیزن 5 کے ترانہ پر خوب تنقید کی گئی۔ گانے کو گلوکار عاصم اظہر، علی عظمت، عارف لوہار اور ہارون رشید نے گایا۔ گانے سمیت گلوکاروں پر بھی بہت میمز بنے۔ لوگوں نے دل کھول کر ان پر تنقید کی۔
ہارڈ ٹاک
حال ہی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بی بی سی کے پروگرام 'ہارڈ ٹاک' میں جانا مہنگا پڑ گیا تھ۔ اینکر کے سوالات کے جوابات اسحاق ڈار کے پاس نہ تھے اور سوشل میڈیا پر اس سے متعلق میمز کی بارش ہوگئی۔
پروفیسر
مشہور ہسپانوی سیریز ''منی ہائسٹ'' کے مرکزی کردار ''پروفیسر'' کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل رہی۔ اس تصویر پر لوگوں نے بے شمار میمز بنائے اور شئیر کیے۔ اس میم کا شمار بھی 2020 کی مقبول اور بہترین میمز میں ہوتا ہے۔
شفقت محمود
گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر شفقت محمود چھائے رہے۔ 26 نومبر سے تعلیمی ادارے بند کیے جانے سے متعلق فیصلہ آنے کے بعد سوشل میڈیا پر وزیر تعلیم شفقت محمود کا نام ٹاپ پر ٹرینڈ کرتا رہا اور ان پر دل کھول کر میمز بنائے گئے۔
بارش آتا ہے تو پانی آتا ہے جب زیادہ بارش آتا ہے تو زیادہ پانی آتا ہے
چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پر بننے والی مشہور زمانہ میم کو کون بھلا سکتا ہے؟ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران ایک جملہ 'بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے، جب زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے' کہا تھا جس کے بعد اس پر ہزاروں میمز بنیں۔
ڈیزائنر ''ماریہ بی''
پاکستان فیشن انڈسٹری کی مقبول ترین ڈیزائنر ماریہ بی کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اس وقت وائرل ہوئی تھی جب پولیس نے ان کے شوہر کو گرفتار کیا تھا اور ضمانت پر رہائی کے بعد دونوں نے وضاحت کے لیے ایک ویڈیو جاری کی۔ صارفین نے اس موقع کو خوب کیش کیا اور ان کے چہرے کے زاویوں پر خوب میمز بنائے گئے۔
٭ ان میں سے آپ کی پسندیدہ میم کون سی ہے؟ ہماری ویب کے فیسبک پیج پر کمنٹ سیکشن میں اپنی رائے سے آگاہ کریں۔