سکھر بیراج کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا، چوبیس دسمبر سے اکتیس جنوری تک بیراج ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سالانہ مرمت اور بھل صفائی کے لئے سکھر بیراج کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے، اس حوالے سے ایگزیکٹو انجینئر سکھر بیراج نے انتظامیہ کو خط ارسال کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 24 دسمبر سے 31 جنوری تک بیراج ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔
چیف انجینئر سکھر بیراج لیفٹ بینک ارشاد احمد میمن نے زمینداروں اور اردگرد کے آبادگاروں کو آگاہ کیا ہے کہ سالانہ ضروری مرمت کی وجہ سے سکھر بیراج سے نکلنے والے تمام کینالز میں پانی کا بہاؤ بھی 24 دسمبر سے 31 جنوری تک بند رہے گا۔
آب پاشی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکھر بیراج سے پانی کی اس طویل بندش کے بعد پانی کا دوبارہ اخراج نہروِں کے زریعے پانچ سے سات دن میں کوٹری بیراج پہنچے گا جس کے بعد دس جنوری سے کینجھر جھیل کو بھی پانی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ نہروں کی بندش سے قبل ہر برس محکمہ صحت عامہ، محکمہ بلدیات اور واٹر سپلائی کے اداروں کو پہلے ہی آگاہ کیا جاتا ہے تاکہ وہ نہروں میں پانی کا اخراج بند ہونے سے قبل اپنے تالاب بھر لیں تاہم تریفک کی روانی کے لئے متبادل روٹس استعمال کئے جا سکیں گے۔