اب مفت شناختی کارڈ، چالیس نہیں بلکہ صرف 15 دن میں ملے گا، نو منتخب وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا اعلان۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ اب پہلا شناختی کارڈ 40 کے بجائے صرف پندرہ دن میں بلکل مفت فراہم کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ نادرا ایک حساس ادارہ ہے، مگر یہاں کے لوگ بہت محنتی ہیں اور زبردست کام کر رہے ہیں۔
نو منتخب وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ دو ماہ میں کچھ ایسا پلان کریں کہ پاسپورٹ اور نیشنلٹی کارڈ سب ایک ہی چھت تلے بن سکیں، نادرا پورے ملک کا ڈیٹا رکھتا ہے، نادرا کا ہیڈ کوارٹر کھُلا رہے گا تاہم نادرا کے 50 نئے سینٹر کھولے جائیں گے اور یہ سینٹرز 24 گھنٹے کھُلے رہیں گے۔
افغان مہاجرین کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ یہ ایک نازک معاملہ ہے، میں چمن گیا تھا وہاں سے بے شمار افغان شہری آ رہے تھے اور بے شمار جا رہے تھے تاہم کسی کے پاس کوئی پاسپورٹ نہیں تھا، جبکہ ہمارے پاس 8 لاکھ افغان مہاجرین رجسٹرڈ ہیں۔
سینیٹ الیکشن کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں پی ڈی ایم کو سینیٹ الیکشن میں حصہ لیتے دیکھ رہا ہوں، اگر انہوں نےحصہ نہیں لینا تو کیا فرق پڑتا ہے، انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 12 فروری سے انتخابات ہو سکتے ہیں، تاہم یہ سپریم کورٹ ہی فیصلہ کرے گی، انہوں نے کہا کہ 12 فروری سے لے کر 12 مارچ تک کسی بھی وقت سپریم کورٹ انتخابات کا اعلان کر سکتا ہے۔
اپوزیشن پر تنقید کے تیر چلاتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کو اللہ ہی لاسکتا ہے۔
پی ڈی ایم کے استعفوں سے متعلق ایک سوال پر وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو کورونا کی کوئی پرواہ نہیں، استعفیٰ دینا ہے تو دیں درمیانی الیکشن ہوجائیں گے، یہ الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں ان کی سیٹوں پر الیکشن کروا دیں گے۔
شیخ رشید نے واضح کیا کہ عمران خان پی ڈی ایم سے ہر گز جانے والے نہیں، مجھ سے شرط لگانی ہے تو لگا لیں۔