کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں ایک بڑی واردات پیش آئی جس میں ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم مشین ہی اکھاڑ کر پھینک ڈالی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا میں شاہراہ پاکستان پر واقع گلبرگ میں ملزمان نے اے ٹی ایم مشین ہی اُکھاڑ پھینکی اور واردات کے دوران کیش ٹرے بھی ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق اے ٹی ایم سے 18 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹی گئی۔
ڈی ایس پی ناصر بخاری کے مطابق واردات صبح ساڑھے چار سے پانچ بجے کے درمیان ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال ملزمان کی درست تعداد نہیں پتہ چل سکی۔ تاہم اس حوالے سے بینک انتظامیہ سے اے ٹی ایم مشین اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج ملنے کا انتظار ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان اے ٹی ایم مشین میں داخل ہوئے اور محض 5 سے 6 منٹ میں واردات مکمل کی، ایک ملزم نے تیسری ٹرے کھولی جس میں 5 ہزار کی رقم دیکھ کر ٹرے وہیں چھوڑ دی۔
بینک انتظامیہ نے بتایا کہ گزشتہ روز بینک کی کلوزنگ کے وقت 18 لاکھ روپے سے زائد رقم ڈالی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پالیسی کے تحت بینکوں میں رات کو سیکورٹی گارڈز نہیں ہوتے جس بنیاد پر ملزمان کو اے ٹی ایم کی واردات کرنے کا موقع ملا تاہم پولیس یہ جاننے کی کوشش بھی کر رہی ہے کہ مشین کو ہاتھ لگانے کے دوران کوئی الارم کیوں نہیں بجا؟