لاہور جلسہ، پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت کے خلاف مقدمہ درج، مریم نواز کا نام بھی شامل۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے گریٹ اقبال پارک میں جلسہ کرنے پر اپوزیشن اتحاد، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی مرکزی قیادت کے خلاف سیکیورٹی آفیسر پی ایچ اے کی مدعیت میں تھانہ لاری اڈا میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء اللّٰہ، مریم اورنگزیب، رانا تنویر، خواجہ آصف، طلال چوہدری، ایاز صادق سمیت کئی رہنماؤں کے نام ایف آئی آر میں شامل ہیں۔
پی ڈی ایم کے خلاف مقدمے میں ملک میں جاری عالمی وبا کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ساؤنڈ سسٹم ایکٹ سمیت 15 دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جلسے کے شرکاء نے قومی ورثے کی حرمت کو نقصان پہنچایا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ حکومت کی جانب سے پابندی کے باوجود پی ڈی ایم انتظامیہ پارک کا گیٹ اور جنگلے توڑ کر پارک میں داخل ہوئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسہ کے بعد مینار پاکستان گراونڈ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا، پی ڈی ایم نے گریٹ اقبال پارک سمیت اطراف کی جگہوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے، ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملک وسیم کھوکھر 125 افراد کے ہمراہ مزاحمت کر کے پارک میں داخل ہوئے۔