نجی ائیر لائن ایئر سیال نے بڑا اعلان کر دیا، میت کے ساتھ آنے والے مسافروں کو مفت سفر کرنے کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ایئر لائن ایئر سیال نے اعلان کیا ہے کہ میت لے کر جانے یا آنے والے مسافروں کو مفت سفر کرنے کی سہولت دی جائے گی، ایئر سیال ترجمان کے مطابق ایسے مسافروں سے کسی قسم کا ٹکٹ وصول نہیں کیا جائے گا جن کے ساتھ میت ہو۔
نجی ایئر لائن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین ایئر سیال فضل جیلانی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز ایئر سیال نے مشترکہ طور پر یہ فیصلہ لیا ہے کہ ایئر لائن اپنے تمام روٹس پر میت کے ساتھ خاندان کے ایک فرد کو مفت سفر کرنے کی سہولت فراہم کرے گی۔
خیال رہے کہ یہ ایسی پہلی نجی ایئر لائن ہوگی جو میت کے ساتھ گھر کے ایک فرد کو بھی مفت ٹکٹ فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں سیالکوٹ میں بزنس کمیونٹی کی جانب سے شروع کی گئی نجی ایئر لائن ایئر سیال کا افتتاح کیا تھا۔