شہر قائد کے علاقے شیر شاہ میں ڈیڑھ کلو میٹر گیس لائن کی تنصیب کا کام جاری، کام کے باعث مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی مخصوص اوقات میں معطل رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کا کہنا ہے کہ شہر قائد کے علاقے شیرشاہ میں ڈیڑھ کلو میٹرگیس لائن کی تنصیب کا کام جاری ہے جس کے باعث گیس کی فراہمی مخصوص اوقات میں معطل رہے گی، کمپنی کے مطابق شیر شاہ میں 20 انچ قطر کی لائن کو مین لائن سے ملانے کا کام کیا جارہا ہے۔
تنصیباتی کام کے باعث گیس کے مین ٹی بی ایس کو بند کیا جائے گا تاہم ضیا کالونی، مواچھ گوٹھ، بلدیہ اور شیخ خانی ایریا میں صبح 8 سے رات 10 تک گیس بند رہے گی جبکہ میٹرو وِل اور سائٹ انڈسٹریل ایریا میں صبح 8 سے رات 10 تک گیس فراہمی معطل رہے گی۔
ایس ایس جی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ صارفین کو پیش آنے والی زحمت کیلئے کمپنی معذرت خواہ ہے تاہم کمپنی کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ جلد سے جلد کام مکمل کر کے گیس کی ترسیل بحال کی جا سکے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گیس کی لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔