کراچی کے علاقے میں سوئی گیس کی لائنوں سے گیس کے بجائے پانی آنے لگا

ہماری ویب  |  Dec 13, 2020

گیس کا تو دور دور تک پتہ نہیں مگر گیس کی لائنوں سے پانی ضرور آنے لگا، کراچی کے علاقے گلبہار میں سوئی سدرن گیس کی نا اہلی مُنہ بولتا ثبوت بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں واقع گلبہار کے علاقے خالد آباد میں سوئی سدرن گیس کی نا اہلی منظرِ عام پر آنے لگی ہے علاقے میں گیس کی تو شدید قلت ہے جس کی وجہ سے دن بھر ہی گیس غائب رہتی ہے اور علاقہ مکینوں کے چولہے ٹھنڈے پڑے رہتے ہیں تاہم رات کے اوقات میں گیس کی ان لائنز میں سے پانی نکلنے لگتا ہے۔

اس حوالے سے خالد آباد کے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پورا دن گیس کے انتظار میں بیٹھے ہوتے ہیں تب گیس نہیں آتی لیکن جب رات میں گیس آنے کا وقت ہوتا ہے تو اس سے قبل ہی لائن میں پانی آنے لگتا ہے، علاقہ مکینوں نے بتایا کہ انہیں لائنوں سے پہلے پانی نکالنا پڑتا ہے جس کے بعد بمشکل گیس آتی ہے۔

مذکورہ علاقے کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ دو مہینوں سے گیس کی لائن میں پانی آ رہا ہے جس کی متعدد بار سوئی سدرن کمپنی کو شکایت درج کروا چکے ہیں تاہم ان کی جانب سے تاحال کوئی اقدام نہیں کیا گیا، علاقہ مکینوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ اگر اس مسئلے کو حل نہیں کیا گیا تو کوئی بڑا حادثہ بھی ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ سرد موسم کے آتے ہی کراچی کے بیشتر علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے کراچی کے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More