پی پی پی کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا جس کے بعد گاڑیاں اور دفتر نذرِ آتش کردیا گیا۔
جی بی اے 2 گلگت 2 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج پر پیپلز پارٹی کی جانب سے سخت احتجاج کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی وقاص احمد کے مطابق پی پی پی کے کارکنان نے گلگت بلتستان اے 2 گلگت 2 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کو دھاندلی زدہ قرار دیا اور احتجاج کیا، احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایک سرکاری دفتر اور 4 سرکاری گاڑیوں کو آگ لگادی۔
وقاص احمد کا کہنا تھا کہ شر پسندی میں 20 سے 25 افراد ملوث ہیں جن کی جانب سے ریور ویو روڈ اور مختلف مقامات پر پولیس کے مابین جھڑپیں بھی کی گئیں جبکہ کشیدہ صورتحال کے بعد پولیس کی اضافی نفری کو طلب کر لیا گیا ہے۔
تاہم گلگت بلتستان سے پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سعدیہ دانش کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنرحلقہ 2 سے دھاندلی کے ثبوت خود غائب کر رہے ہیں، فرانزک نتائج آنے تک حلقہ دو کا رزلٹ جاری نہیں ہوگا۔
یاد رہے گلگت بلتستان اسمبلی کے ایک اور حلقہ جی بی اے21 غذر 3 کے تمام 52 پولنگ اسٹیشنز پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کی درخواست پر ووٹوں کی گنتی آج دوبارہ کی جا رہی ہے۔