اس سال کسی صورت بغیر امتحانات کے پروموٹ نہیں کیا جائے گا،ہماری تجویز ہے کہ تمام تعلیمی ادارے بند نہ کئے جائیں، وزیرِتعلیم سندھ سعید غنی کی تجویز
تفصیلات کے مطابق وزیرِتعلیم سندھ سعید غنی نے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِصدارت این سی او سی اجلاس میں اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر اسکولز بند کرنے ہیں تو صرف پرائمری اسکولز جن میں انرولمنٹ 73 فیصد ہو انہیں بند کیا جائے'۔ البتہ اسکولوں میں غیر تدریسی سرگرمیاں مکمل طور پر بند کرنی چاہیئں تاہم اگر کوئی اسکولز آن لائن تعلیم دینا چاہتے ہیں تو وہ آن لائن تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ 6 اور اس سے آگے کی سیکنڈری کلاسز میں تدریسی عمل مکمل طور پر جاری رکھا جائے، جبکہ نویں دسویں گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات مئی اور جون میں لینے کا فیصلہ نہ کیا جائے البتہ اس حوالے سے آگے کی صورتحال دیکھ کر بعد میں فیصلہ کیا جائے تو بہتر ہے۔
صوبائی وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے اپنے مؤقف میں یہ بھی واضح کیا کہ چھوٹے نجی اسکولز کو مالی مدد کے لئے بینک سے آسان شرائط پر قرضے مہیا کئے جانے چاہیئں تا کہ نجی اسکولز بدحالی کا شکار نہ ہوں اور ان قرضوں پر سود کی ادائیگی وفاقی حکومت کے ذمہ ہونی چاہیئے، انکا کہنا تھا کہ ٹیوشن اور کوچنگ سینٹرز کو بھی یہ سہولت ملنی چاہیئے۔
واضح رہے کہ آج وفاقی وزیِر تعلیم شفقت محمود نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور بتدریج بڑھتے کیسز کو مدِنظر رکھتے ہوئے 26 نومبر سے 24 دسمبر تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک تمام تر تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات ہوں گی۔