گلگت بلتستان حلقہ جی بی اے 3 گلگت 3 میں ملتوی ہونے والے انتخابات آج مکمل ، پاکستان تحریک انصاف کے سید سہیل عباس غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پہلے نمبر پر۔
تفصیلات کے مطابق جی بی اے 3 گلگت 3 کی نشست پر الیکشن کے لئے نامزد ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار جعفر شاہ انتقال کرگئے تھے جس کے باعث اس حلقے میں انتخابات کا عمل ملتوی کردیا گیا تھا تاہم گشتہ روز اس حلقے میں پولنگ کا عمل ہوا جس میں سخت سردی کے باوجود خواتین سمیت مردوں کی بڑی تعداد نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔
جی بی اے 3 گلگت 3 کے 73 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سید سہیل عباس 6 ہزار 873 ووٹ حاصل کر کے پہلے نمبر پر ہیں ، آزاد امیدوار ڈوکٹر محمد اقبال 4 ہزار 678 ووٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ مسلم لیگ (ق) کے کیپٹن ریٹائرڈ محمد شفیع 3 ہزار 720 ووٹس حاصل کر کے تیسرے نمبر پر جگہ بناسکے ہیں ۔
دوسری جانب 15 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں شرپسند گلگت بلتستان اے 21 غذر 3 کے بیلٹ باکس لے گئے تھے، جس پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے دوبارہ پولنگ کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس حلقے میں بھی دوبارہ پولنگ کی گئ ، جس کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے غلام محمد 299 ووٹ حاصل کر کے پہلے نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ 15 نومبر کو گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کو منتخب کرنے کے لئے انتخابات کئے گئے تھے جس میں پاکستان تحریکِ انصاف نے اکژیت سے کامیابی حاصل کی تھی جس میں پی ٹی آئی 9 ، آزاد امیدوار 7 ، پیپلز پارٹی 3 مسلم لیگ ن 2 جبکہ جمعیت علمائے اسلام اور مجلسِ وحدتِ مسلمین نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ۔
یاد رہے کہ 6 آزاد امیدوار بھی کامیابی حاصل کرنے کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر گئے تھے تاہم اب گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کے لئے تحریکِ انصاف کا پلڑا بھاری ہے ۔