اگر آپ شہرِ قائد میں رہتے ہیں اور کسی دوسرے شہر گھومنے جائیں تو آپ کو وہاں سب کچھ اچھا مل سکتا ہے سوائے بریانی کے۔
کراچی کے کئی ایسے مشہور علاقے ہیں جہاں کی بریانی بہت زیادہ مقبول ہے۔ شہر میں ہر قسم کی بریانی ملتی ہے۔ پھر چاہے وہ چکن بریانی ہو یا بیف، تکہ ہو یا باربی کیا بریانی، یہاں تک کہ جھینگوں اور مچھلی کی بریانی بھی کراچی میں ملتی ہے۔
لیکن گزشتہ کچھ عرصہ سے ایک نئی بریانی شہر میں کافی مقبول ہو رہی ہے جو کہ مٹکا بریانی ہے۔ بریانی کو ایک مٹکے میں بنایا جاتا ہے جبکہ لوگ اس بریانی کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ کراچی کے کس علاقے کی مٹکا بریانی سب سے زیادہ مشہور ہے؟
سوشل میڈیا پر کچھ فوڈ وی لاگرز نے عزیزآباد کے علاقے حسین آباد کی فوڈ اسٹریٹ پر واقع ایک ریسٹورنٹ کی مٹکا بریانی کو سب سے زیادہ مزے دار کہا ہے۔
بروس میٹ دی ورلڈ نامی وی لاگرز نے اس شاندار جگہ کا رخ کیا اور لوگوں کو مٹکا بریانی ٹرائی کرنے کے لیے کہا۔
وی لاگرز کے مطابق یہ بریانی اتنی زیادہ جوسی اور مزے دار تھی کہ اس جیسی اور کہیں نہیں مل سکتی۔
یوٹیوب کے ایک اور وی لاگر نے اس جگہ کا رخ کیا اور بریانی کو بنتے ہوئے دکھایا۔
مٹکا بریانی گھر میں بنانے کا طریقہ:
٭ سب سے پہلے پودینہ اور اتنا ہی دھنیا 12 سے 15 ہری مرچیں اچھی طرح گرائینڈ کرلیں۔
٭ اس کے بعد ایک فرائی پین میں تیل ڈالیں۔ بھگار کی طرح کَٹی ہوئی 1 درمیانی سائز کی پیاز ڈالیں اور اسے گولڈن براؤن ہونے تک فرائی کریں۔
٭ پیاز براؤن ہونے کے بعد اس میں 1 چمچ زیرہ ڈالیں، 2 چمچ لہسن ادرک کا پیسٹ ڈال کر اس میں گرائینڈ کیا ہوا دھنیا، پودینہ اور مرچوں کا پیسٹ شامل کریں، اس کے بعد 2 چمچ دہی ڈال کر اچھی طرح چمچ چلائیں۔
٭ اس کے بعد اس میں گوشت شامل کریں اور اس وقت تک بھونیں جب تک گوشت اپنا رنگ تبدیل نہ کرلے۔
٭ اس کے بعد اس میں حسبِ ذائقہ لال مرچ پاؤڈر، ہلدی پاؤڈر، نمک، گرم مسالحہ پاؤڈر، جائفل جاویتری کا پاؤڈر ڈال کر 3 سے 4 منٹ تک پکائیں۔
٭ اس کے بعد اس میں 2 سے ڈھائی کپ پانی ڈالیں اور ابال آنے تک پکا لیں۔ ابال آنے کے بعد ڈھکن ڈھک کر 40 سے 50 منٹ تک یا اس وقت تک پکائیں جب تک گوشت گل نہیں جاتا۔
٭ اس کے بعد 3 درمیانی سائز کے گول کٹے ٹماٹر ڈالیں اور چمچ چلا کر ڈھکن دوبارہ ڈھک دیں، اور 6 سے 8 منٹ تک پکائیں۔ اس کے بعد آنچ تیز کریں تاکہ آئل اوپر آجائے۔
٭ اس کے بعد ایک مٹی کا مٹکا لیں اور اس میں یہ تھوڑا سا آمیزہ ڈالیں، پھر ایک تہہ ابلے چاولوں کی لگائیں۔
٭ دوسری جانب دہی میں زردہ کا رنگ ڈال کر ملائیں اور پھر مٹکے میں 2 چمچ یہ شامل کریں، ساتھ ہی لیموں کٹا ہوا ڈالیں، ایک بیچ سے کٹی ہری مرچ شامل کریں، آلو بخارا اور ٹماٹر کا ایک گول ٹکڑا ڈالیں۔ پھر چاولوں کی ایک تہہ لگائیں، پھر گوشت والے مصالحے کی اور پھر چاولوں کی۔
٭ اس کے بعد آخر میں 2 چمچ دہی میں ملا زردہ کا رنگ شامل کریں، اس کے اوپر ایک ٹماٹر کا گول ٹکڑا رکھیں اور اس مٹکے کو ایلومینیم فائل سے اچھی طرح ڈھک دیں۔
* پھر اس مٹکے کے اوپر کوئلہ رکھ کر اسے 15 سے 20 منٹ تک اسٹیم کُک کرلیں۔
* آخر میں بریانی پلیٹ میں نکالیں اور سروو کریں۔
نوٹ: ایک چھوٹا مٹکا ایک فرد کے لیے ہوگا۔