تحریک لبیک کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی کا انتقال گزشتہ شب ہوا، پہلے مولانا صاحب کی نماز جنازہ جمعہ کی نماز کے بعد ادا کی جانی تھی لیکن اب ان کی نماز جناز ہ کل صبح 11 بجے مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی جس میں شرکت کیلئے مختلف شہروں سے قافلے چل پڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک کے ذرائع کے مطابق مولانا خادم حسین رضوی کا جسد خاکی سکیم موڑ چوک یتیم خانہ میں واقع مسجد سے ملحقہ گھر میں رکھا گیا ہے ، مسجد اور علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ دو رویہ سڑک کو بھی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے لیکن اورنج لائن میٹر و ٹرین بند نہیں کی گئی ہے۔ مسجد کے باہر خادم حسین رضوی کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے ۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا خادم حسین رضوی کو جمعرات کی شب طبعیت خراب ہونے پر شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم اسپتال کے مطابق جب انہیں یہاں لایا گیا تو ان کا انتقال ہو چکا تھا، مولانا خادم حسین رضوی کو چند روز سے بخار تھا اور انہیں سانس لینے میں مسائل کا سامنا تھا۔