گاڑی خریدنا کوئی آسان بات نہیں، آج کل کی مہنگائی کو دیکھتے ہوئے مڈل کلاس طبقہ کے لیے نئی گاڑی خریدنا بہت مشکل ہے اسی لیے بہت سے لوگوں کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ سیکنڈ ہینڈ اور استعمال شدہ گاڑی خرید لیں۔ چلتی ہوئی گاڑی میں کام بھی کم نکلتا ہے اور یہ آپ کے لیے ایک اچھا فیصلہ بھی ثابت ہوتا ہے۔
تاہم کچھ لوگوں کے ساتھ استعمال شدہ گاڑی خریدتے وقت بڑے بڑے دھوکے بھی ہوجاتے ہیں۔ جیسا کہ گاڑی کے کاغذات کو لے کر یا پھر گاڑی میں کوئی اس طرح کا کام نکل آتا ہے جو بظاہر نظر نہیں آتا لیکن استعمال کرنے پر وہ مسئلہ سمجھ آتا ہے۔
آج ہم آپ کو 5 ایسے اہم مشورے دینے والے ہیں، کہ اگر آپ ان پر عمل کریں تو سیکنڈ ہینڈ گاڑی لینے کے معاملے میں کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی سے محفوظ رہیں گے۔
1) سب سے پہلے ذاتی طور پر گاڑی کا معائنہ کریں
سب سے پہلا اور اہم کام، خود سے گاڑی کی تحقیقات کریں۔ پہلے خود چلائیں اور اپنی تسلی کرلیں۔ اگر گاڑی چلنے میں بالکل ٹھیک اور مسنگ نہیں کر رہی تو 60 فیصد گاڑی کا معاملہ ٹھیک ہے۔ جتنا آپ کو علم ہو اتنا گاڑی کو جانچ لیں، اس کے علاوہ آپ انٹرنیٹ اور گوگل کی مدد بھی لے سکتے ہیں۔ اپنی تسلی کریں پھر اگلا قدم اٹھائیں۔
2) ایسی گاڑی کا انتخاب کریں جو زیادہ پیٹرول یا ڈیزل نا پیئے
ایک ضروری اور لازمی بات کہ جو گاڑی آپ خریدنے جا رہے ہیں اس پر زیادہ پیٹرول یا ڈیزل نا خرچ ہو۔ آپ ایسی گاڑی خریدیں جس کے اخراجات آپ کی ماہانہ آمدنی سے تجاوز نہ کریں۔ ورنہ آپ گاڑی لینے کے کچھ عرصہ بعد ہی پچھتائیں گے کہ اس گاڑی کا انتخاب کیوں کیا۔
3) وارنٹی والی گاڑی خریدیں
آپ کی کوشش یہ ہونی چاہیے کہ وہ استعمال شدہ گاڑی خریدیں جس کے ساتھ وارنٹی کارڈ ہو، گاڑی لینے کے حوالے سے یہ ایک بہترین فیصلہ ہے۔ تاکہ اگر اس گاڑی میں کوئی بھی خرابی تھوڑے ہی عرصہ میں واقع ہو تو فوراً ایک درست فیصلہ کیا جا سکے۔
4) بہت پرانے ماڈل کی گاڑی نہ خریدیں
سالوں پرانے ماڈل کی گاڑی ہرگز نہ خریدیں کیونکہ آج کے زمانے میں مارکیٹ سے اس کے اسپئیر پارٹس ملنا ناممکن ہے۔ کئی ایسے افراد آپ نے بھی دیکھے ہوں گے جو پرانے ماڈل کی گاڑیاں کم قیمت اور دیگر سہولیات و خصوصیات کے ساتھ خرید تو لیتے ہیں لیکن بعدازاں انہیں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ اس گاڑی کے اسپئیر پارٹس کہیں سے بھی نہیں مل رہے ہوتے۔ تو اس بات کا لازمی خیال رکھیں۔
5) مکینک کو لازمی چیک کروائیں
یہ مشورہ سب سے اہم اور فائدہ مند ہے۔ اگر آپ کے پاس پہلے گاڑی موجود نہیں تھی تو سب سے پہلے اپنے کسی گاڑی والے دوست کے پاس جائیں اور اس سے کسی اچھے مکینک کا پتہ پوچھیں، اس کے بعد جو گاڑی آپ خریدنا چاہتے ہیں اس کا معائنہ اس مکینک کو کروائیں۔ گاڑی میں اگر کوئی بھی خرابی ہوئی تو وہ آپ کو فوراً اس کے بارے میں آگاہ کر دے گا۔
٭ ہماری ویب ماضی میں بھی آپ کو آپ کی گاڑی سے متعلق مفید مشورے دیتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی دیتی رہے گی۔ اگر یہ معلومات آپ کے لیے مددگار ثابت ہوئی تو ہمارے فیسبک کے پیج پر کمنٹس سیکشن میں لازمی اپنے خیالات کا اظہار کریں۔