لوڈشیڈنگ کا مسئلہ اب ہماری زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے۔ اِس کا ایک نتیجہ یہ بھی ہے کہ بعض اوقات فریج کئی گھنٹے کے لئے بند ہو جاتا ہے اور اس میں پڑے کھانوں کے خراب ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو جاتا ہے، خاص طور پر فریزر میں موجود وہ اشیاء جنہیں ایک بار غیر منجمد ہونے کے بعد دوبارہ فریز نہیں کرنا چاہئے۔
اگر تو آپ گھر پر ہی ہیں تو ٹھیک ہے، لیکن اگر آپ سارا دن باہر گزار کر گھر واپس آتے ہیں تو کیسے پتا چلے گا کہ فریجکچھ گھنٹوں کے لئے بند تو نہیں رہی، یعنی فریزر میں رکھی اشیاء غیر منجمد ہونے کے بعد دوبارہ فریز تو نہیں ہو رہیں؟ یہ جاننے کے لئے آپ کو کسی جدید ٹیکنالوجی نہیں بلکہ صرف ایک سکے کی ضرورت ہے۔
یہ سادہ ٹیکنالوجی کچھ اس طرح ہے کہ ایک پیالے میں پانی ڈال کر اسے فریزر میں رکھ دیجئے اور جب یہ برف بن چکا ہو تو اس کے اوپر ایک سکہ رکھ دیجئے۔ اسے فریزر میں رکھ چھوڑیں۔ اب آپ کو جب ضرورت درپیش ہو اسے چیک کر سکتے ہیں۔
اگر سکہ برف کے اوپر ہی پڑا ہے تو سب ٹھیک ہے لیکن اگر یہ نیچے بیٹھ چکا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ فریج کافی گھنٹے بند رہی ہے جس کے باعث برف پگھلی اور سکہ نیچے چلا گیا۔ اس صورت میں آپ کو وہ کھانے باہر نکال دینے چاہئیں جنہیں دوبارہ فریز کر کے استعمال کرنا مناسب نہیں۔