ہم زندگی میں بہت سی ایسی عادتیں اپنائے ہوئے ہیں جو بظاہر خطرناک نہیں ہوتیں مگر وہ کسی نہ کسی طرح سے ہماری صحت کو نقصان پہنچا رہی ہوتی ہیں۔ یہاں پر اُن عادات کا تذکرہ کیا جائے گا جو عموماً صحت کی خرابی کا سبب بنتی ہیں۔
1- ناشتہ نہ کرنا
ناشتہ دن کی سب سے اہم غذا مانی جاتی ہے اور اسے چھوڑنے کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ ناشتہ چھوڑنے سے وزن بڑھتا ہے جبکہ خون میں شوگر کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔
یہی نہیں بلکہ ناشتہ ترک کرنے سے آپ کا میٹابولزم بھی سست روی کا شکار ہوجاتا ہے جس سے آپ کو زیادہ کھانے کی طلب محسوس ہوتی ہے اور وزن بڑھتا ہے۔
2- اسمارٹ فونز کا مسلسل استعمال
آج کے دور میں اسمارٹ کا استعمال بہت زیادہ بڑھ گیا اور طویل وقت تک فون کے استعمال سے مختلف بیماریاں بھی جنم لے رہی ہیں۔ ایسی ہی ٹیکس نیک سنڈروم نامی ایک بیماری پر کافی گفتگو کی جارہی ہے جس کے باعث آپ کو مستقل بنیادوں پر نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اپنے فونز کو دیکھنے کے لئے ہم اپنی گردن کو جس اَنداز میں جُھکائے رکھتے ہیں اِس سے گردن پر تناؤ بڑھتا ہے اور آپ یقین کریں یا نہیں مگر طویل عرصے تک ایسا ہونے سے آپ کو سرجری تک کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ احتیاط کا دامن تھامتے ہوئے موبائل کے بے جا استعمال کو ترک کرد دیں۔
3- پینٹ کی پچھلی جیب میں پرس رکھنا
آپ اگر بھاری والٹ کو اپنی پچھلی جیب میں رکھنے کے عادیم ہیں تو جان لیں کہ مستقبل میں یہ عادت آپ کی کمر میں شدید تکلیف کی وجہ بن آپ اگر اپنے بھاری والٹ کو پچھلی جیب میں رکھنے کے عادی ہیں تو جان لیں کہ قریب مستقبل میں یہ عادت آپ کی کمر میں شدید تکلیف کی وجہ بن سکتی ہے۔
اس کیفیت کو عام زبان میں wallet sciatica کہا جاتا ہے۔ خواتین کے مقابلے میں اس بیماری کے مردوں میں ہونے کے امکانات زیادہ پائے جاتے ہیں جو طویل عرصے تک والٹ کو جیب میں رکھ کر گاڑی چلاتے ہیں جس سے کمر کی نسوں پر دباؤ پڑتا ہے۔
زیادہ عرصے تک اس عمل کو جاری رکھنے سے آپ اس مسئلہ کا شکار ہوسکتے ہیں جس سے آپ کے پیر کے نچلے حصوں، ٹخنوں اور کمر کے نچلے حصے میں شدید تکلیف ہوسکتی ہے تو احتیاطی تدابیر کے طور پر بیٹھتے وقت والٹ کو آگے والی جیب میں رکھیے۔
4- طویل عرصے تک بیٹھے رہنا
طویل عرصے تک بیٹھے رہنے سے جلدی موت کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اکثر لوگ دفاتر میں بیٹھ کر کام کرتے ہیں اور گھر میں بھی کھانے پینے کے فورا بعد بیٹھ جاتے ہیں اور چہل قدمی کو ترجیح نہیں دیتے، ایسے افراد کینسر یا دل کے امراض کا شکار ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ روزانہ 12 گھنٹے یا اس سے زائد کرسی پر بیٹھے رہتے ہیں تو ذیابطیس کے امکانات 80 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق جسمانی مشقت نہ کرنا دنیا بھر میں اموات کی چوتھی سب سے بڑی وجہ کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں کی سب سے بڑی وجہ بھی ہے۔