پہلے کے زمانے میں حج کرنا انتہائی مشکل تھا، اس بات کا اندازہ حال ہی میں 82 سال پرانی حج کی وائرل ویڈیو سے لگایا جا سکتا ہے۔
جو لوگ اللہ کے بلاوے پر خانہ کعبہ حج کی نیت سے جاتے ہیں، بے شک وہ بہت خوش نصیب ہوتے ہیں۔ پُرانے وقتوں میں لوگ اپنے حج کی مقبولیت کی نیت سے برصغیر سے پیدل حج کرنے جایا کرتے تھے، جس میں انہیں دو، دو سال بھی لگ جاتے تھے۔ تاہم بعدازاں ذرائع آمد و رفت نے اتنی ترقی کر لی کہ آج لوگ اپنے ملک سے حج کرنے ہوائی جہاز کے ذریعے جاتے ہیں۔
آج سے 82 سال پہلے 1938 کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس سے معلوم ہوا کہ حج کرنے میں کتنی تکلیفوں کا سامنا اور صبر کا مظاہرہ کرنا پڑتا تھا۔ مذکورہ ویڈیو جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے وہ 1938ء میں بنائی گئی۔ اس ویڈیو سے پتا چلتا ہے کہ حاجیوں کو پرانے وقتوں میں حج کرنے کے لیے کتنی مشکلات سے گزرنا پڑتا تھا۔ سخت گرمی اور پھر صحرا میں اْونٹوں کا سفر۔
اس ویڈیو میں حاجیوں کو صفا اور مروہ کی سعی کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ آج کے دور کی طرح بزرگوں اور معذوروں کو الیکٹرانک چیئرز کی جگہ لکڑی کی کاٹھی پر حج کروایا جا رہا ہے۔
سعی کے دوران ہی قریب موجود دوکان دار اپنا سامان بھی بیچتے دکھائی دے رہیں جبکہ صفا اور مروہ کی پہاڑیوں پر مقیم لوگ حج کے مناظر دیکھ رہے ہیں۔
یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد ہمارا دل اور زبان بے ساختہ اللہ پاک کا شکر ادا کرتی ہے کہ آج کے دور میں حج کرنا ماضی کے مقابلے میں کتنا آسان ، باسہولت اورآرام دہ ہو گیا ہے۔ اللہ پاک ہم سب کو حج کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین