سردیوں کی آمد آمد ہے، ایسے میں، موسم کی تبدیلی بخار، نزلہ زکام اور کھانسی کا باعث بنتی ہے۔ لوگ پہلے ہی کورونا وائرس کی وجہ سے شدید پریشان ہیں جبکہ ان کی پریشانی اب امریکہ کے ماہرین نے حل کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک طبی تحقیق میں ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ماضی میں ہونے والا عام نزلہ نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے کسی حد تک تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔
تحقیق میں ثابت کیا گیا ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے بننے والے وائرس کے خلاف جسم میں قوت مدافعت پیدا ہوسکتی ہے، تحقیق جریدے ''ایم بائیو'' میں شائع کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے پر ایسے بی سیلز بنتے ہیں جو طویل عرصے تک جراثیموں کو شناخت کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں بھی ان کو یاد رکھتے ہیں جبکہ ان کے خاتمے کے لیے اینٹی باڈیز بھی بنالیتے ہیں۔
مطلب یہ کہ اگلی بار جب جراثیم دوبارہ آپ کے جسم میں داخل ہونے والے ہوں گے تو یہ بی سیلز متحرک ہوجائیں گے اور بیماری کے آغاز سے قبل ہی ان کو صاف کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق عام نزلہ زکام کا باعث بننے والے کورونا وائرسز سے متاثر افراد کو کووڈ 19 کے خلاف کسی حد تک مدافعت حاصل ہوجاتی ہے۔
واضح رہے مذکورہ تحقیق ''یونیورسٹی آف روچسٹر میڈیکل سینٹر'' میں کی گئی ہے۔