ملک میں سردیوں کی آمد آمد ہے، تاہم طبی ماہرین کی جانب سے سردیوں کے آغاز پر کورونا وائرس بڑھنے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
فلوریڈا کے طبی ماہرین نے یہ انکشاف کیا ہے کہ 'موسم سرما شروع ہونے کے بعد کورونا وائرس مزید طاقتور ہوگا کیونکہ اب یہ بخارات کی صورت میں 6 فٹ سے زائد فاصلہ طے کرنے لگا ہے'۔
رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس ہوا کے ذریعے پھیل رہا ہے، ایک مقام پر اگر وائرس موجود ہو تو یہ وہاں موجود شخص کو زیادہ متاثر کرتا ہے جبکہ اگر کوئی فاصلے پر کھڑا ہو تو وبا کم اثر انداز ہوتی ہے۔ وائرس سے مریض کے چھینکنے، بولنے، کھانسنے، تھوکنے اور سانس لینے میں جسم سے کچھ ذرات باہر نکلتے ہیں جن کے ساتھ پانی کے انتہائی چھوٹے قطرے بھی موجود ہوتے ہیں۔
ماہرین نے عوام کو تنبیہہ کی ہے کہ کورونا وائرس اگلے بندے سے 6 فٹ سے زائد فاصلے پر بھی پھیل سکتا ہے لہذا سماجی فاصلے کو مزید بڑھانا ہوگا تاکہ وائرس سے محفوظ رہیں۔
رپورٹ کے مطابق ماہرین نے تین فٹ سماجی فاصلے رکھنے کی ہدایت اسی لیے کی تھی مگر اب یہ بات سامنے آئی کہ مریضوں کے منہ یا ناک سے چھوٹے قطرے خارج ہورہے ہیں جو زیادہ دور تک سفر کرنے گھنٹوں تک خود کو زندہ رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
حفظانِ صحت کے ماہرین نے ایک یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ اگر کسی بند مقام پر ایک قطرہ بھی پہنچ جائے تو یہ سانس لینے والے ہرشخص کو کورونا کا مریض بناسکتے ہیں۔
ماہرین کی جانب سے عوام کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ موسم سرما میں شہری خود کو زیادہ تازہ ہوا میں رکھیں جبکہ دیر تک بند جگہوں پر رہنا گریز کریں۔