سعودی عرب کی جانب سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کو 15 ربیع الاول سے عمرہ کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے زائرین کے لیے عمرہ کے کچھ ایس او پیز جاری کیے ہیں۔
سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر محمد بن صالح کا کہنا ہے کہ '18 سے 65 سال کی عمر کے لوگوں کو عمرہ کی اجازت دی جائے گی، جبکہ عمرہ اجازت نامے کی کوئی فیس نہیں ہوگی۔ کسی بھی شخص کو کورونا کا سرٹیفیکٹ دکھائے بغیر مسجد الحرام میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی'۔
وزیر محمد صالح کے مطابق 'سعودی حکومت نے ایسا شاندار طریقہ کار تیار کیا ہے کہ اگر عمرہ کرنے والوں میں سے کوئی ایک کورونا کا مریض نکلا تو اسے ایک منٹ سے بھی پہلے باآسانی پکڑ لیا جائے گا'۔
'ہوٹل اور اطراف میں آئسولیشن سینٹر قائم کیے جائیں گے، اگر کسی میں بھی کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں تو اُسے فوری طور پر قرنطینہ کردیا جائے گا۔ لوگ 12 گروپوں میں تقسیم ہوں گے، جبکہ محکمہ صحت کے ماہرین زائرین کی مکمل نگرانی کریں گے'۔
تاہم جن ممالک میں کورونا کے بے شمار کیسز ہیں، انہیں ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے جبکہ ان ملکوں کی فہرست جلد جاری کی جائے گی۔
واضح رہے عمرہ، زیارتوں اور مسجد الحرام میں داخلے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے ''اعتمرنا'' نامی موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے بالکل مفت درخواست جمع کروائی جاسکتی ہیں۔