آج کل اسمارٹ فونز نے لوگوں کی مصروفیات خاصی محدود کر دی ہیں، پھر کچھ ایپس ایسی متعارف کروادی گئی ہیں جنہیں صارفین نشہ کی طرح استعمال کرتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ موبائل فون کا جنون انسان کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے؟
ایسا ہی کچھ برطانیہ کے موٹروے پر ہوا، خاتون کو اسنیپ چیٹ استعمال کرنے کا اتنا شوق تھا کہ وہ اپنی جان سے جاتے جاتے بچیں۔
ہوا کچھ یوں کہ چلتی گاڑی میں اسنیپ چیٹ ویڈیو بناتے ہوئے مذکورہ خاتون توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور سڑک پر گر پڑیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں خاتون ایم 25 موٹروے پر چلتی گاڑی سے اس وقت گر گئیں جب وہ کھڑکی سے باہر نکل کر اسنیپ چیٹ کی ویڈیو بنارہی تھیں۔ اس حوالے سے برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون ہفتے کے روز دوپہر ڈیڑھ بجے جنکشن چھ اور کلاکٹ سروس ایریا کے لائیو لین میں گریں، تاہم یہ خوش قسمت ہیں کہ شدید زخمی یا ہلاک ہونے سے بچ گئیں۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق جائے وقوعہ پر طبی عملے نے خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جبکہ اس واقعے میں کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔
تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پولیس کے روڈ پولیسنگ یونٹ نے اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے سخت لہجے میں لکھا کہ 'اگلی نشست پر بیٹھی خاتون مسافر نے ایم 25 موٹروے پر اسنیپ چیٹ ویڈیو فلماتے ہوئے گاڑی سے باہر نکل آئیں اور توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے دوسری لین گر پڑیں'۔