عالمی وبا کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے کئی ممالک ان کوششوں میں تھے کہ کسی طرح ویکسین بنا لی جائے، تاہم اب کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی تیاری مکمل ہو چکی ہے جبکہ کئی ممالک میں اس کے کامیاب ٹرائل بھی جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے 'وزیر صحت عبدالرحمن الاویس' کو کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین لگائی گئی تاہم عبدالرحمن الاویس چھ روز قبل منظور شدہ اس ویکسین کو لگوانے والے پہلے اعلی حکومتی عہدہ دار بن گئے ہیں۔
متحدو عرب امارات کی حکومت نے گذشتہ ہفتہ پیر کے روز کورونا وائرس کے علاج اور اس سے بچائو کے لیے ملک میں تیار کردہ اس ویکسین کے استعمال کی ہنگامی بنیاد پر منظوری دی تھی۔
ملک میں ویکسین کئی لوگوں کو لگائی جا رہی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر صحت عبدالرحمن کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 'کورونا ویکسین وبا کے خلاف جنگ میں ہمارے صفِ اول کے دفاعی ہیروز کے لیے دستیاب ہوگی کیونکہ وہ اپنے فرائض کو انجام دینے کے دوران اس وائرس کا شکار ہورہے ہیں'۔
تاہم پاکستان میں ویکسین کے تجربات شروع کرنے کے حوالے سے چیئرمین سائنس وٹیکنالوجی ڈاکٹر عطاء الرحمن کا کہنا ہے کہ 'ویکسین کے تجربات اس ہفتے سے پاکستان میں شروع کئے جائیں گے'۔
انہوں نے بتایا کہ 'کورونا وائرس کی یہ ویکسین اچھی شہرت کی حامل ایک بین الاقوامی کمپنی نے تیار کی ہے'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'جامعہ کراچی میں قائم کیمیائی اور حیاتیاتی سائنس کے بین الاقوامی مرکز نے ویکسین کے طبی تجربات کرنے کی منظوری دی ہے'۔