ہنگامی صورتحال میں بہت سے لوگوں کے حواس قابو میں نہیں رہتے، انہیں فوری طور پر سمجھ نہیں آتا کہ کیا کیا جائے؟
لیکن یہاں محض 11 سالہ بچے نے کمال کردیا، جس نے اپنی دادی کی حالت بگڑتی دیکھی تو فوراً ردعمل ظاہر کیا۔
اینجیلا بریئور لائی Angela Brewer-Laye نامی خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شئیر کی۔ ویڈیو کے کیپشن میں خاتون نے بتایا کہ کس طرح ان کے 11 سالہ پوتے نے ان کی جان بچائی۔
خاتون نے لکھا کہ 'میں اپنے گھر سے ایک میل دور دوپہر کی ورزش کر رہی تھی کہ اچانک میری طبعیت بگڑنے لگی، میری حالت اتنی خراب ہوگئی کہ چل بھی نہیں پارہی تھی اور زمین پر گر گئی۔ میرا پوتا پی جے PJ وہاں سڑک کے کنارے اپنے 4 پہیے والی سواری پر سوار تھا کہ اچانک اس نے میری حالے غیر ہوتے دیکھی'۔
خاتون نے بتایا کہ میرے پوتے نے فوری ردعمل ظاہر کیا اور گھر کی طرف بھاگا۔
انہوں نے کیپشن میں تحریر کیا کہ 'جب میری نظر سامنے سڑک کی طرف گئی تو میری مرسڈیز بینز میری طرف آرہی تھی، اور اسے پی جے چلا رہا تھا۔ میں گاڑی میں بیٹھی اور میرے پوتے نے مجھے بحفاظت گھر تک پہنچایا، اور وہاں مجھے گاڑی سے اترنے میں بھی مدد کی'۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی جے کس مہارت سے اتنی بڑی گاڑی چلا رہا ہے۔
خاتون نے یہ بھی تحریر کیا کہ 'میں نے جب پی جے سے پوچھا کہ تم نے میری جان بچانے کے لیے مرسڈیز بینز کا ہی انتخاب کیوں کیا؟ تو میرا پوتا مسکرایا اور اس نے جواب دیا کہ میرے ہاتھ میں جس گاڑی کی چابیاں پہلے آئیں میں نے اٹھا لیں'۔
اور یوں ایک پوتے نے اپنی دادی کی جان بچائی۔