کرکٹ کی دنیا میں کئی ریکارڈز بنے اور ٹوٹے، لیکن کچھ ریکارڈز ایسے بھی ہوتے ہیں جو کرکٹ کے افق پر ہمیشہ موجود رہیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ دوسرے کھیلوں کی طرح کرکٹ بھی اعداد و شمار اور ریکارڈز کا کھیل ہے۔ بہت سے ایسے معروف ریکارڈز بھی ہیں جو ناقابل تقلید ہیں اور شاید وہ کبھی نہ ٹوٹ پائیں۔
کرکٹ کی دنیا کے پانچ ایسے ریکارڈز ہیں جو شاید کبھی توڑے نہ جا سکیں تو آئیں اُن پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
1- سر ڈونلڈ بریڈمین
نمبر ایک پر سر ڈونلڈ بریڈمین کا 99.94 کا ریکارڈ ابھی تک اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہے ۔ یہ وہ واحد آسٹریلین کرکٹر ہیں جنہیں دنیا کا عظیم کرکٹر سمجھا جاتا ہے ۔99.94 کی بیٹنگ اوسط کا ریکارڈ رکھنا کسی بھی کھلاڑی کے بس کی بات نہیں سر بریڈمین کے پاس اپنے آخری میچ میں اپنی اوسط 100 کرنے کا ایک موقع تھا وہ 100 کی اوسط سے صرف 4 رنز دور تھے لیکن بدقسمتی سے وہ ایسا نہیں کر سکے۔
2- برائن لارا
اِن ریکارڈز میں دوسرا نمبر ویسٹ انڈیز کے برائن لارا کا ہے جنہوں نے 2004 میں انگلینڈ کے خلاف ایک اننکز میں 400 رنز بنا کرقائم کیا تھا، یہ ایک ایسا ریکارڈ ہے جو شاید کبھی بھی توڑا نہیں جا سکے گا کیوں کہ آج کل کی کرکٹ بہت تیز ہوچکی ہےجس کے باعث اب کھلاڑیوں کا ٹیمپرامنٹ ایسا نہیں کہ وہ زیادہ دیر وکٹ پر قیام کریں اور لمبی اننگز کھیل سکیں۔
3- سنگا کارا اور مہیلا جے وردھنے کے درمیان طویل شراکت داری
کرکٹ کی دنیا کا ایک اور ریکارڈ جو توڑا نہیں جا سکتا ہے وہ 2006 میں ساتھ افریقہ کیخلاف کولمبو میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں سنگا کارا اور مہیلا جے وردھنے کے درمیان 624 رنز کی پارٹنر شپ ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ کہ آج کل ٹی 20 اور ون ڈے کرکٹ کی چاندنی کے باعث کوئی بھی کھلاڑی طویل عرصے کی کرکٹ کو کھیلنا پسند نہیں کرتا ۔اسی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ کو اب وہ پذیرائی حاصل نہیں۔
4- سچن ٹنڈولکر
چوتھا ریکارڈ جو کرکٹ کی دنیا میں نہیں توڑا جا سکتا وہ ہے سچن ٹنڈولکر کا 200 ٹیسٹ میچوں میں شرکت کرنا ۔ آج کل کی کرکٹ میں 100 میچ کھیلنا ایک بہت بڑی بات سمجھا جاتا ہے لیکن سچن ٹنڈولکر نے 200 ٹیسٹ میچوں میں شرکت کر کے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے جو شاید کبھی ٹوٹ نہیں سکتا۔
5- مرلی دھرن
سری لنکا کے مشہور باؤلر مرلی دھرن کا ٹیسٹ کرکٹ میں 800 وکٹیں لینے کا ایسا ریکارڈ ہے جو کبھی نہیں توڑا جا سکتا۔ معروف سری لنکن اسپنر مرلی دھرن ٹیسٹ میچوں میں 800 وکٹیں لینے والے واحد کھلاڑی ہیں اور کوئی بھی موجودہ کرکٹر صدیوں تک ان کے ریکارڈ کے قریب بھی نہیں جا سکتا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں یہ کبھی نہ ٹوٹنے والے عمدہ 5 ریکارڈز ایسے ہیں جو شاید کبھی بھی نہیں توڑے جا سکیں گے اور یہ ریکارڈز ہمیشہ اُن عظیم کرکٹرز کے نام رہیں گے۔