عالمی وبا کورونا انفیکشن پر قابو پانے کے لئے اب تک کئی ادویات اور ویکسین کا استعمال ہو چکا ہے تاحال کوئی ایسی دوا سامنے نہیں آسکی جس کے بارے میں مکمل اعتماد کے ساتھ کہا جاسکے کہ یہ دوا مریض کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔
لیکن اب ایسی دوا سامنے آئی ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا کہ کورونا وائرس کے اثرات کم کرنے میں یہ معاون ثابت ہوسکتی ہے، یہ دوا قوت مدافعت کے خلیات کے رد عمل کو بہتر کرسکتی ہے۔
اس حوالے سے ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا کا زور کم کرنے میں کولیسٹرول کی دوا کارگر ثابت ہوتی ہے۔ اس سے متعلق دعویٰ ہبرو یونیورسٹی کے ایک محقق نے کیا ہے۔
ہبرو یونیورسٹی کے گراس سنٹر آف بایو انجینئرنگ میں ڈائریکٹر پروفیسر یاکوو ناہمیاس نے نیویارک کے ماؤنٹ سنائی میڈیکل سنٹر میں بنجامن ٹینو ایور کے ساتھ مشترکہ تحقیق میں یہ نتیجہ اخذ کیا ہے۔
تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کولیسٹرول ختم کرنے والی دوا کی شکل میں بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والی فینو فائبریٹ’ کووڈ انیس انفیکشن کے خطرے کی سطح کو معمولی زکام کی سطح تک لانے میں مددگار ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ فینو فائبریٹ دوا پھیپھڑوں کی خلیات میں موجود چربی کو جلانے میں مدد کرتی ہے اور اس طرح ان خلیات پر وائرس کی گرفت کمزور ہو جاتی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ایک تحقیق میں فینوفائبریٹ دوا کا استعمال انفیکشن والے انسانی خلیہ پر کرنے کے بعد پتہ چلا کہ کورونا انفیکشن کافی کم ہو گیا اور یہ معمولی زکام تک محدود ہو کر رہ گیا۔
انہوں نے مزید تحقیق میں بتایا کہ کورونا انفیکشن اس لئے خطرناک ہے کیونکہ اس کی وجہ سے پھیپھڑوں میں چربی کا جماؤ ہو جاتا ہے جسے دور کرنے میں فینوفائبریٹ دوا کار آمد ہے۔