ماہرین کی جانب سے ائیر کنڈیشن کو کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔
دی ہاوورڈ گیزیٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی یونیورسٹی ہاوورڈ میڈیکل اسکول کے پروفیسر ایڈورڈ نارڈیل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 'کورونا کے زیادہ کیسز اُن مقامات پر رپورٹ ہوئے جہاں ایئرکنڈیشن زیادہ استعمال کیا جاتا ہے'۔
پروفیسر ایڈورڈ کے مطابق 'متاثرہ شخص کے چھینکنے اور کھانسنے کے بعد ہوا میں پھیلنے والے ذرات ہی دراصل کورونا کے پھیلنے کا سبب بنتے ہیں کیونکہ یہ ہوا کے ذریعے انسانی جسم میں باآسانی داخل ہو سکتے ہیں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'عام طور پر جس جگہ پر اے سی لگا ہوتا ہے اُس جگہ کو ٹھنڈک برقرار رکھنے کے لیے بند رکھا جاتا ہے، ایسے مقامات پر جراثیموں کا ردعمل دیگر مقامات کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہوتا ہے اور یہ ہی انفکیشن کے پھیلنے کا سبب بھی بنتا ہے'۔
پروفیسر ایڈورڈ کی جانب سے لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ 'ہر وقت اے سی استعمال نہ کریں اور جتنا ممکن ہو اس سے بچیں کیونکہ اس کے ذریعے بھی جان لیوا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے'۔