گزشتہ روز شہرِ کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دفتر کے مرکزی دروازے پر رونما ہونے والا آنکھوں دیکھا حال پولیس اہلکار نے بیان کردیا۔
پولیس اہلکار نوجوان محمد رفیع نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردوں نے پہلے سب انسپکٹر کو گولی ماری، ایک دہشت گرد کو اُنہوں نے سر پر گولی مار کر ہلاک کیا، عمارت میں گھسنے کی کوشش کرنے کے لئے ایک دہشت گرد گرنیڈ پھینک رہا تھا اور اس کے ساتھ دوسرا دہشت گرد فائرنگ کررہا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دوسرا بندہ جیسے ہی نکلا تو اس نے مجھے دیکھ لیا تھا، میں نے اسے دو گولیاں ماریں تو وہ زخمی ہو گیا، اس نے گرینیڈ نکالا تو میں نے گولی ماری جس سے گرینیڈ اس کے ہاتھ سے چھوٹ گیا تھا، وہ گرینیڈ کی پن نکالنے والا تھا کہ میں نے اس کے سر پر گولی ماری جس سے وہ نیچے گر گیا۔
پولیس کے مطابق پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے اسٹاک ایکسچینج میں داخلے کی کوشش کرتے وقت 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جب کہ مزید 2 دہشتگردوں کو آگے ہی مار گرایا اور دہشتگرد اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں داخل نہ ہوسکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 2 سیکیورٹی گارڈ سمیت 7 افراد شہید ہوگئے جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے تھے۔