امریکی خلائی ادارے ناسا نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ایک ایسا آلہ تیار کیا ہے جو کہ آپ کو چہرے پر مسلسل ہاتھ لگانے سے روکے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ڈیوائس کا نام پلس رکھا گیا ہے جسے ناسا کی جیٹ پروپلسیون لیبارٹری نے تیار کیا ہے۔
پلس نامی ڈیوائس کیسے کام کرتی ہے؟
ناسا کے مطابق جس فرد نے اپنے گلے میں یہ ہار پہن رکھا ہوگا اور وہ جیسے ہی اپنا ہاتھ چہرے کے قریب لے کر جائے گا تو یہ اسی وقت وائبریٹ ہونے لگے گا جس کی وجہ سے آپ کو فوراً خیال آئے گا چہرے پر ہاتھ نہیں لگانا ہے۔
اس ڈیوائس کا استعمال کرنے سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد حاصل ہوسکتی ہے کیونکہ ماہرین کی جانب سے بار بار ہاتھ دھونے اور چہرے کو ہاتھ نہ لگانے کی ہدایت کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں ایک کروڑ افراد کورونا وائرس کا شکار بن چکے ہیں جبکہ لوگوں کی اموات کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے.
پاکستان میں عالمی وبا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 4 ہزار 167 افراد اس وائرس سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔