کورونا وائرس سے ہر عمر کے افراد کو خطرہ لاحق ہوتا ہے خاص طور پر بزرگوں کے لئے یہ مرض انتہائی مہلک ثابت ہوسکتا ہے۔
امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اگر بزرگ افراد کو زکام کی ویکسین اضافی لگائی جائے تو کورونا سے اُن کی موت کے امکانات میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔
امریکا میں واقع وبائی روک تھام کے مرکز (سینٹر فار ڈیزیز اینڈ کنٹرول) نے ہونے والی تحقیق میں بتایا ہے کہ اگر زکام کی ویکسین کے استعمال میں صرف 10 فیصد اضافہ کردیا جائے تو کورونا سے متاثر ہونے والے 65 سال یا اس سے زائد کی عمر کے بزرگوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکتا ہے۔
جمعے کے روز امریکی ادارے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وبا کے دوران زکام کی ویکسین لگوانا لازمی ہے کیونکہ اس کی وجہ سے بڑی عمر کے افراد کورونا سے کم متاثر ہوتے ہیں۔
اس حوالے سے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 65 سال یا اُس سے بڑی عمر کے افراد پر اگر ویکسین استعمال کروائی جائے تو کورونا اُن پر شدت سے وار نہیں کرتا، بلکہ وہ معمولی بیمار ہوتے ہیں اور پھر بعد ازاں صحتیاب بھی ہوجاتے ہیں۔
ماہرین نے اس حوالے سے امریکا کی مختلف ریاستوں سمیت دنیا کے دو سو سے زائد ممالک کے اعداد و شمار جمع کئے اور اُس کی روشنی میں رپورٹ مرتب کی۔
تحقیقی رپورٹ میں واضح لکھا گیا ہے کہ جن علاقوں میں 65 سال یا اُس سے زائد عمر کے لوگوں کو زکام کی اضافی ویکسین لگائی گئی وہاں پر کورونا سے بزرگ شہریوں کے مرنے کی شرح دیگر کے مقابلے میں 28 فیصد کم رہی۔
تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا سے بڑی عمر کے لوگوں کی اموات کی دیگر وجوہات بھی ہیں، جن میں سماجی ، معاشی اور صحت کے مسائل بھی شامل ہیں۔