پاکستان کے معروف گلوکار اور میزبان فخرِ عالم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک نجی ہسپتال کے مریض کے بِل کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔
فخرِ عالم نے لکھا کہ 'وہ مریض کا صرف دس روز کا بل دیکھ کر حیرت زدہ ہیں، کراچی کے نجی اسپتال نے دس دن کے علاج کا بل 17 لاکھ روپے بنا دیا'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ایک فیملی نے ان کے ساتھ یہ بِل شیئر کیا ہے تاکہ ہم سب کو معلوم ہوسکے کہ نجی شعبے میں ہو کیا رہا ہے، وزیراعظم عمران خان صحت کے نجی شعبوں کو بھی لگام دیں۔ ہر مریض سے حفاظتی سوٹ اور گلوز کے پیسے وصول کرنا کسی طور قبول نہیں'۔
فخر عالم نے لکھا کہ 'میں بھی بزنس کے بارے میں آگاہی رکھتا ہوں لیکن یہ سب مضحکہ خیز ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے گلوز اور دیگر حفاظتی سامان کا بل بھی مریض کے کھاتے میں لگا دیا'
نجی ٹی وی سے گفتگو میں فخرعالم نے کہا کہ ایمرجنسی صورتحال میں نجی اسپتال کا یہ کام قابل مذمت ہے، نجی اسپتال منافع کی شرح میں کمی کے بجائے زیادہ منافع کمارہے ہیں، نجی اسپتالوں میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے، انسانیت اور حب الوطنی دکھانے کے بجائے یہ لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔