شہر بھر میں کاروبار، چھوٹی دکانیں اور شاپنگ مالز کے دوبارہ کھولنے یا نہ کھولنے کے فیصلے پر وفاقی حکومت اور سندھ حکومت آمنے سامنے ہیں۔
وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان ٹرینیں چلانے کا معاملہ بھی اٹک کر رہ گیا ہے، لیکن اب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ٹرین چلانے کا باضابطہ اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے سندھ حکومت کے اس بیان پر کہ ٹرین چلنے نہیں دیں گے، دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے اور اس کے اسٹیشنز میری ذمہ داری ہے، سندھ کچھ نہیں کر سکتا۔
شیخ رشید نے ایک پروگرام کے دوران گفتگو میں کہا کہ سندھ حکومت بہت انتہا پر چلی گئی ہے، لیکن وزیر اعظم عمران خان کی سوچ کامیاب ہے اور سندھ حکومت کو شکست ہوگی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ٹرین مرکز کی سواری ہے، اسٹیشن کے باہر سندھ حکومت کو جو کرنا چاہتی ہے کرے، لیکن ریلوے اسٹیشن کے اندرونی معاملات سنبھالنے کی ذمہ دار ریلوے پولیس کی ہے، اور جو ایس او پی کی خلاف ورزی کرے تو اسے سندھ حکومت اسٹیشن سے باہر پکڑے۔
انھوں نے کہا کہ ٹرینیں چلانا وفاق کا فیصلہ ہے اس میں صوبوں کا عمل دخل نہیں، انشاء اللہ کل سے 30 ٹرینیں چلائیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے ٹرینیں چلانے کا حکم دے دیا ہے، اللہ تعالیٰ نے ہاتھ پکڑا تو یکم جون سے تمام ٹرینیں چلا دیں گے، ساتھ ہی ٹرینوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرواؤں گا۔