کورونا وائرس سے اب تک ملک میں 939 اموات ہوچکی ہیں جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 43 ہزار 966 ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین کے لیے اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کورونا سے جاں بحق افراد کی نماز جنازہ مساجد اور جنازہ گاہ میں ہوگی، جبکہ ان کی تدفین بھی عام قبرستان میں کی جائے گی۔
مریض کے غسل اور تدفین کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں کہ اس دوران احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں، غسل کے بعد کورونا وائرس دیگر افراد میں منتقل نہیں ہو سکتا، تاہم غسل اور تدفین کے مراحل کو 6 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
اسپتال کی جانب سے میت کے ساتھ پی سی آر رپورٹ بھی فراہم کی جائے گی، میت کے جسم پر چسپاں تمام مشینوں کو اسپتال کا عملہ نکالے گا، میت کو کلئیر کرنے کے بعد پلاسٹک شیٹ میں لپیٹنا ضروری ہوگا، جبکہ میت کی منتقلی کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کی ہوگی۔
غسل دینے اور کفن پہنانے کی ذمہ داری 3 رکنی ٹیم کی ہوگی، یہ ٹیم غسل، کفن کے دوران پی پی ای کٹس پہن کر فرائض سر انجام دے گی۔
واضح رہے کہ بچوں اور 50 سال سے زائد عمر والے اور بیمار افراد کو میت والے گھر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔