آج کل ہر طرف بس ایک ہی لفظ کی گونج ہے اور وہ ہے قرنطینہ۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس کا مطلب کیا ہے اور یہ لفظ کہاں سے آیا ہے؟
قرنطینہ میں ق اور ط کی موجودگی کی وجہ سے بہت سے لوگ یہ تصور کرتے ہیں کہ اس کا تعلق عربی زبان سے ہے لیکن درحقیقت یہ لفط اطالوی زبان کا ہے۔ قرنطینہ قوارنٹا سے ماخوذ ہے جس کے معنی ہیں چالیس۔
ابتدا میں قرنطینہ کی مدت 40 دن ہوتی تھی۔ اب یہ مدت بیماری کی نوعیت پر منحصر ہے۔ عجیب بات ہے کہ اس وقت اٹلی ہی میں کورونا وائرس کا زور ہے اور ایک طرح سے پورا ملک قرنطینہ میں ہے۔
قرنطینہ میں وبا زدہ علاقوں سے آنے والے مسافروں کو طبیبوں کی نگرانی میں دوسروں سے الگ تھلگ رکھا جاتا ہے۔