گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا طیارہ ایف 16 گر کر تباہ ہو گیا جس میں طیارے کا پائلٹ شہید ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کا طیارہ گرنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق وہ کافی دیر سے اس طیارے کو دیکھ رہے تھے، پائلٹ کبھی آسمان کی بلندیوں پر چلا جاتا تھا تو کبھی زمین کے قریب واپس آجاتا تھا۔
تاہم منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ پہلے آسمان کی بلندیوں پر موجود تھا پھر ایک دم سے زمین کی طرف آنا شروع ہوا، جس کے بعد طیارہ شکرپڑیاں کے مقام پر گر کر تباہ ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے گرنے کے واقعے میں اب تک پائلٹ کی قیمتی جان کے علاوہ کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔ پاک فضائیہ کی جانب سے انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔