کرونا وائرس اس وقت پوری دنیا میں خوف کی علامت بنا ہوا ہے۔ 85 فیصد اماراتی شہریوں نے مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکتے ہوئے ورک فرام ہوم کی حمایت کی ہے۔
غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس نے اب تک ساڑھے 4 ہزار کے قریب افراد ہلاک کر چکا ہے جبکہ 1 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے، خطرناک وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے اماراتی شہریوں نے گھر میں رہ کر کام کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا فورمز پر عوامی رائے شماری کی گئی جس میں 89 فیصد شہریوں نے فیس بک، 84 فیصد نے انسٹاگرام اور 82 فیصد نے ٹوئٹر پر اپنی رائے دیتے ہوئے ورک فرام ہوم کی حمایت کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریباً 17 ہزار 500 افراد نے سوشل میڈیا پر عوامی اظہار رائے میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق قدرتی آفات، بحرانوں اور ہنگامی امور کے نگراں قومی ادارے کے ترجمان سیف جمعہ الظاہری نے رائے شماری پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختلف اداروں کے تعاون سے ورک فرام ہوم کے بندوبست کی کوششیں کر رہے ہیں۔
مختلف کمپنیوں نے اپنے اکاﺅنٹ پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ‘وہ اپنے کارکنان کو ورک فرام ہوم کا موقع فراہم کرنا بہتر سمجھتے ہیں اور وہ اس کی حوصلہ افزائی کریں گی، مناسب یہی ہوگا کہ ملازم آفس جانے کے بجائے گھروں میں رہ کر کام کریں۔