امریکی ٹرانسپورٹ سیکیورٹی حکام کا دورہ پاکستان

ہماری ویب  |  Mar 11, 2020

ہوائی اڈوں اور ہوائی جہازوں کے تحفظ کے نگراں امریکی محکمہ برائے ٹرانسپورٹ سلامتی ( ٹی ایس اے) کے حکام رواں ہفتہ اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کریں گے ، پاکستان کے ایوی ایشن انفرااسٹرکچر کا جائزہ لیں گے اور اپنے ہم منصب پاکستانی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ اسلام آباد ہوائی اڈہ کے دورہ کے موقع پر ٹی ایس اے اہلکار پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے اور وزارت شہری ہوابازی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کر کےسلامتی کے بین الاقوامی معیار ات کی نشاندہی کریں گے۔ ٹی ایس اے کا وفد پی آئی اے کی دعوت پر اسلام آباد کے ہوائی اڈہ پر سیکیورٹی اقدامات کے باضابطہ معائنہ کے لیے پاکستان آیا ہے ۔تاہم پاکستان اور امریکہ کے درمیان براہ راست پروازوں کی فوری بحالی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

ٹی ایس اے کے اتاشی ڈینیئل میکائد نے پاکستان میں اپنی ملاقاتوں کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ ہوائی سفر امریکہ اور پاکستان کے مابین تجارت، روابط اور مضبوط تعلقات کے فروغ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ہم تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے اورصلاحیتیں بہتر بنانے کے امکانات کے سلسلہ میں پاکستان کے سول ایوی ایشن ادارہ کے ساتھ تعلقات جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔

یہ دورہ پاکستان میں متعین امریکی سفارتی مشن کی جانب سے امریکہ اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات اور ہوائی روابط کو مستحکم کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔امریکہ پاکستان کے خوشحال مستقبل کی خاطر شراکتداری کے لیے پُرعزم ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More