چین میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس میں 2 سالہ بچی کھڑکی کی ریلنگ میں پھنس کر لٹک گئی۔
ایک رپورٹ کے مطابق چین کے شمالی صوبے گونژنگ میں واقع ایک رہائشی عمارت سے بچی کے لٹکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہے، ویڈیو میں 2 سالہ بچی کو عمارت کی کھڑکی سے نیچے لٹکا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز جب بچی گھر میں سو رہی تھی تب اس کے والد ملازمت کے لئے نکل گئے تھے اور والدہ نے یہ سوچا کہ بچی ابھی سو رہی ہے اور دوائی لینے میڈیکل اسٹور چلی گئی۔
اسی دوران بچی نیند سے بیدار ہوئی اور دیکھا کہ گھر پر کوئی موجود نہیں اور اپنے والدین کو ڈھونڈتی ہوئی کھڑکی پر آگئی اور ریلینگ سے نیچے دیکھتی ہوئی اچانک ریلنگ پر لٹک گئی اور اس کی جان اس وجہ محفوظ رہی کہ اس کا سر لوہے کی سلاخوں کے درمیان پھنس گیا تھا۔
بچی کے رونے کی آوازیں سن کر لی نامی پڑوسی نے بچی کے والدین سے رابطہ کرنے کی بہت کوشش کی لیکن معلوم ہوا کہ گھر پر کوئی نہیں اور تالا لگا ہے جس کے بعد لی نے اپنے ایک اور پڑوسی کے ہمراہ مل کر گھر کا دروازہ توڑا اور اندر جا کر بچی کو باحفاظت ریلینگ سے نکالا۔