سوشل میڈیا پر مسجد الحرام کے صحن کی وائرل ہونے والی ویڈیوز اور مطاف کو خالی کرانے حوالے سے سعودی حکام کا رد عمل سامنے آ گیا۔
سوشل میڈیا پر جمعرات کے روز چند ویڈیوز وائرل ہوئیں جس میں کعبۃ اللہ یعنی مطاف بالکل خالی نظر آر ہا تھا اور اور وہاں چند ملازمین دکھائی دے رہے تھے۔
حکومت کی جانب سے جاری وضاحت میں بتایا گیا کہ جمعرات کی صبح مطاف کو صفائی اور حفاظتی تدابیر کے باعث خالی کرایا گیا، محکمہ صحت کے عملے نے کعبۃ اللہ کے صحن میں کرونا وائرس کی وبا کے خطرے کی وجہ سے صفائی اور جراثیم کش اسپرے کیا۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے معمول کے مطابق روزانہ اسپرے کیا جائے گا جس کے دوران حرمین شریفین کا مقام نماز عشاء سے فجر کی نماز تک بند رہے گا۔
ذرائع کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عشاء کے بعد سے فجر کی نماز سے قبل جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا، اس دوران متعلقہ عملے کے علاوہ وہاں کوئی عام شخص موجود نہیں ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے بقیہ اوقات میں مسجد الحرام کے اندر نمازیوں کو نماز ادا کرنے کی پوری اجازت بھی دی ہے جبکہ عمرے کی ادائیگی پر پابندی عائد ہونے کی وجہ سے مطاف کو بند رکھا جائے گا۔