کیا آپ اپنی زندگی میں کامیابی چاہتے ہیں؟ تو یہ آسان سی پانچ باتیں اپنائیں اور زندگی کو کامیاب بنائیں

ہماری ویب  |  Feb 03, 2020

آج کل ہم نے اپنی روزِ مرہ کی زندگی اس قدر مصروف کر لی ہے کہ ہم خود کو وقت ہی نہیں دے پاتے اور اگر اپنا قیمتی وقت دیں بھی تو مختلف پریشانیاں جو ہم نے بلا وجہ پال رکھی ہوتی ہیں ان کا حل تلاش کرنے میں گزار دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انسان کے ایک دِن کا 90 فیصد حصّہ پریشانی میں گزر جاتا ہے جو اس کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

ایک انسان کے ذہن میں روزانہ ہزاروں خیالات آتے ہیں جو کہ ایک طرح سے خود کو دماغی طور پر مضبوط یا کمزور کرنے کے مواقع ہوتے ہیں۔ دنیا میں موجود ہر فرد اگر چند باتیں اپنی زندگی کا حصہ بنا لے تو اس کی زندگی بہترین ہو سکتی ہے اور وہ ہر قدم پر کامیاب ہو سکتا ہے۔

آئیے جانتے ہیں وہ کون سی باتیں ہیں جن کو آپ کو اپنانا چاہیئے۔


خود کے لئے بھی اتنا ہی مخلص رہیں جتنا کہ آپ اپنے بہترین دوست کے ساتھ ہیں۔

یہ سننے میں کافی عجیب بات ہے لیکن ایسا ہی ہے۔ بعض اوقات ہم اپنی مشکل میں اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھتے جس کی وجہ سے اکثر ہم سے غلط فیصلے ہو جاتے ہیں۔ زندگی میں بہت سے ایسے مواقع آتے ہیں جہاں انسان کو بہت سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا پڑتا ہے۔ اس موقع پر وہ سوچتا ہے کہ کیا کیا جائے؟ پھر اکثر و بیشتر جلد بازی میں ایسا قدم اٹھا لیتا ہے جس کی وجہ سے وہ اس پریشانی سے نکلنے کے بجائے مزید مشکل میں پھنس جاتا ہے۔ اِس موقع پر آپ یہ سوچیں کہ اگر آپ کا بہترین اور عزیزتر دوست اِس مشکل میں ہوتا تو آپ اسے کیا مشورہ دیتے۔ بس جو جواب آپ کو مِلے وہ اپنے لئے بھی اپنائیں۔ آپ کی زندگی آسان ہو جائے گی۔


جذباتی حالت میں درست فیصلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کریں

اکثر انسان جب پریشان ہوتا ہے تب اس کے جذبات اس پر حاوی ہو جاتے ہیں۔ ایسی صورتحال غلط فیصلے لینے کا سبب بنتی ہے۔ اس کا بہترین حل یہ ہے کہ آپ اپنے کِسی ایک فیصلے کا انتخاب کریں، اس کے بعد اس کے فوائد اور نقصانات کی فہرست بنا لیں۔ اس فہرست سے آپ جذباتی ہوئے بغیر ایک بہترین فیصلہ کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔


ہر حال میں خوش رہنا سیکھیں

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ انسان ہر حال میں کِس طرح خوش رہ سکتا ہے؟ تو اس کا ایک آسان سا حل ہے کہ آپ ہر وقت شکرگزاری کرتے رہیں۔ آپ جِس حال میں ہیں اللہ کا شکر ادا کریں۔ اِس سے آپ اپنے اندر ایک سکون محسوس کریں گے۔ شکر گزاری کو نفسیاتی اور جسمانی فوائد سمیت خوشی سے بھی کافی حد تک منسلک کیا گیا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق شکر گزار افراد دیگر کی نسبت 25 فیصد زیادہ خوش اور پر سکون ہوتے ہیں۔ جب آپ ذہنی طور پر پر سکون ہوں گے تو آپ کو زندگی کے ہر مرحلے پر کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔


پریشانیوں کا مقابلہ کریں

اکثر لوگ خود کو درپیش مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنے کے بجائے ان سے منہ موڑ لیتے ہیں اور اجتناب برتتے ہیں جِس کی وجہ سے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ اِس کا سب سے بڑا نقصان انہیں اپنا ذہنی سکون برباد ہونے کی صورت میں اٹھانا پڑتا ہے۔ اِس کا بہترین حل یہ ہے کہ پریشانیوں کا سامنا کریں، کسی اچھے اور مخلص دوست سے مشورہ کریں یا کسی کے ساتھ اس مسئلے پر بات چیت کر لیں۔ اس سے آپ کی پریشانی میں کمی آئے گی اور آپ ضرور اپنے مسائل حل کرنے کا قابل ہو جائیں گے۔


خود سے بات کریں اور اپنے مسائل کا حل خود میں تلاش کریں

خود سے کی جانے والی گفتگو آپ کی زندگی پر گہرا اثر مرتب کرتی ہے۔ جب بھی آپ فارغ ہوں یا اکیلے ہوں، خود سے بات کریں۔ اس سے آپ کے دِماغ کو تقویت مِلے گی۔ اگر آپ اپنی سب سے بڑی صلاحیت تک پہنچنا چاہتے ہیں تو آپ کے دماغ کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ ہر روز دماغ کی ورزش کرنے سے آپ یقیناً کامیابی اور خوشی کی طرف راغب ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More