بالی ووڈ کے سینئر اداکار رشی کپور نے ایک پرانی تصویر ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ یہ کوئی خاتون نہیں بلکہ بالی ووڈ کے ماضی کے اداکار پران ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رشی کپور کی جانب سے ایک پرانی تصویر ٹوئٹ کی گئی اور کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’ بوجھیں یہ کون ہیں ، اگر کوئی درست جواب جانتا ہے تو براہ کرم ظاہر کرنے سے گریز کریں ، جنہیں نہیں معلوم انہیں بوجھنے دیں کہ یہ کون ہیں، میں آپ کو وقت دیتا ہوں اور اس کا انکشاف میں جلد ہی کروں گا۔
ٹوئٹر صارفین کی جانب سے رشی کپور کی اس پوسٹ پر کئی لوگوں نے تکے لگائے اور کچھ لوگوں نے صحیح جواب دیئے۔
ٹوئٹر پر امیت نامی ایک صارف نے صحیح جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ لیجنڈری اداکار پران ہیں۔
ٹوئٹر صارف نے ماضی کے اداکار پران کا بڑا مداح ہونے کا ثبوت دینے کے ساتھ اس تصویر کا پس منظر سناتے ہوئے لکھا کہ ’پران اس وقت کنوارے تھے، انہوں نے اپنے بڑے بھائی کی شادی پر دلہن کا بھیس دھار کر اپنی نئی نویلی بھابی کے سامنے اپنے بڑے بھائی کی محبوبہ ہونے کی اداکاری کی تھی، اور یہ تصویر ان کے بیٹے سنیل سکندر کی جانب سے ان کی سالگرہ کے موقع پر پہلے ہی شیئر کی جا چکی ہے۔
بعد ازاں رشی کپور کی جانب سے صارف کے درست جواب پر انہوں نے کہا ’یہ لیجنڈری اداکار پران خود ہیں، آپ کو مبارک ہو آپ نے صحیح پہچانا۔
آخر میں رشی کپور نے کہا کہ پران صاحب بھیس بدلنے میں بہت ماہر تھے، انہوں نے یہ روپ کسی فلم کے لیے نہیں بلکہ گھر والوں سے ایک مذاق تھا۔