پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بہت سی اداکارائیں ایسی ہیں جنہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا۔ ہمارے سامنے ایسی کئی مثالیں موجود ہیں۔ 'رحمت اجمل' بھی ان میں سے ایک ہیں۔ یہ ماڈل و اداکارہ اپنی مسحور کن شخصیت کے باعث بہت ہی کم وقت میں لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔
رحمت نا صرف ایک سپر ماڈل ہیں بلکہ ایک ڈیزائنر، سنگر اور تھیٹر آرٹسٹ بھی ہیں۔ رحمت 24 اکتوبر 1993 کو لاہور میں پیدا ہوئیں۔ رحمت کی دو بہنیں ہیں جو عمر میں ان سے بڑی ہیں جبکہ ان کی ایک بہن شیف بھی ہیں جن کا نام آمنہ اجمل ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران رحمت نے بتایا کہ اپنے خاندان کی وہ پہلی لڑکی ہیں جو شوبز سے وابستہ ہیں۔
رحمت اجمل میں جہاں بے شمار صلاحیتں ہیں وہیں قدرت نے انہیں بہترین آواز سے بھی نوازا ہے۔ اس بات کا انکشاف دنیا نیوز کے پروگرام 'مذاق رات' میں ہوا جب اداکارہ نے اپنی خوبصورت آواز کے جلوے بکھیرے۔ ماڈل نے تصویر اور ویڈیو شئیرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر بھی اپ لوڈ کی جس میں وہ گانے کی ریکارڈنگ کرتی نظر آرہی ہیں۔
اگر ہم رحمت اجمل کی تعلیم کے حوالے سے بات کریں تو انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس سے ٹیکسٹائل ڈیزائننگ میں گریجویشن کیا ہے۔

رحمت نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2015 میں بطور ماڈل کیا۔ جبکہ سال 2015 میں ہی ایک مختصر پندرہ منٹ پر مشتمل فِلم میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔ ماڈل نے اپنی اداکاری کا باقاعدہ آغاز پاکستان کے مقبول ترین ڈرامہ میرے پاس تم ہو سے کیا۔ اداکارہ و ماڈل اس ڈرامہ کی آخری اقساط میں ایک اہم کردار میں سامنے آئیں۔ رحمت کے مداح ان کی منفرد شخصیت اور ماڈلنگ کے انداز سے پہلے ہی کافی متاثر تھے جبکہ اداکاری میں آنے کے بعد ان کی فین فالوونگ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ مداحوں کی جانب سے ان کی اداکاری کی بے حد تعریف کی جارہی ہے۔