پاکستان کی ٹی وی ہوسٹ اور اداکارہ سعدیہ امام نے شوبز کو خیرباد کرنے سے متعلق تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرا شوبز چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے بلکہ ایک نئے آنے والے ڈرامہ سیریل میں بہت جلد ٹی وی اسکرین پر نظر آؤں گی۔
سعدیہ امام نے شوبز چھوڑنے سے متعلق خبروں اور افواہوں کے حوالے سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ میری فیملی کے حوالے سے قیاس آرائیاں کرتے رہے ہیں۔
سعدیہ امام کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی شوبز چھوڑنے کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی کبھی ان کا ایسا ارادہ ہوا، ایسی تمام خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور میرے شوہر نے کبھی بھی میرے کیریئر پر اعتراض نہیں کیا انہوں نے ہمیشہ مجھے بہت سپورٹ کیا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ جلد ہی ایک نئی ڈرامہ سیریل میں جلوہ گر ہوں گی تاہم انہوں نے اپنے آنے والے اس ڈرامے سے متعلق مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
سعدیہ نے اپنے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میرے ڈرامہ سیریل کی شوٹنگ کے دوران وہ چھٹیوں پر جرمنی سے پاکستان آتے تاکہ ہماری بیٹی اکیلا پن محسوس نہ کرے۔ میرے والدین کے بعد میرے شوہر کی طرف سے مجھے بھرپور سپورٹ حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے شادی کے بعد ڈراموں سے بریک لیا کیونکہ نئے رشتوں کو پورا وقت دینا چاہتی تھی۔