سب کا پسندیدہ ’مسٹر بین‘ کہاں غائب ہوگیا؟

ہماری ویب  |  Jan 21, 2020

روون ایٹکنسن (Rowan Atkinson) کو دنیا '' مسٹر بین'' کے نام سے جانتی ہے اور مسٹر بین ایک ایسا منفرد کردار تھا جو پوری دنیا میں مقبول ہوا- مسٹر بین کا کمال یہ تھا کہ وہ ایک لفظ بولے بغیر صرف جسمانی حرکتوں کے ذریعے ہی ہم سب کے پسندیدہ ترین اداکار بن گئے۔

6جنوری 1955 کو برطانیہ میں پیدا ہونے والے اس فنکار نے سب کو اپنی مزاحیہ اداکاری کے ذریعے ہنسنے پر مجبور کردیا۔

روون ایٹکنسن نے اپنی منفرد اداکاری کے ذریعے لوگوں کے چہروں پر ہنسی بکھیری، ان کے مداح آج بھی ان کا پروگرام مسٹر بین بہت ذوق و شوق سے دیکھتے ہیں۔

روون نے اپنے کیرئیر کی ابتداء بی بی سی کے ایک ریڈیو پروگرام دی ایٹکنسن پیوپل سے کی جس کے بعد انہوں نے بی بی سی سے ہی ایک الگ کامیڈی شو ' ناٹ دی نائن او کلاک نیوز ' کی شروعات کی۔

سال 1990 میں روون ایٹکنسن نے 'دی ہیلپ لیس مسٹر بین 'کا پہلا مزاحیہ شو پیش کیا ساتھ ہی ان کے 'مسٹر بین' کے کئی سیکوئیلز بھی ٹیلی وژن پر پیش کئے جا چکے ہیں۔

سنہ1997 میں انہوں نے مسٹر بین شو کے کردار کو لے کر ان کے ڈائریکٹر میل اسمتھ نے باقاعدہ فلم تیار کی جس کا نام ہی 'مسٹر بین 'رکھا گیا جس کے آنے کے بعد وہ اپنے مداحوں کے دلوں میں گھر کر گئے۔

دوسری جانب سال 2003 میں انہوں نے جیمز بونڈ کے کردار پر بنائی جانے والی کامیڈی فلم ”جونی انگلش“ میں کام کیا جس میں انہوں نے عمدہ اداکاری کے جوہر دکھائے- اس کے بعد انہوں نے اسی فلم کا سیکوئل'جونی انگلش ری بورن' میں کام کیا جو کہ7اکتوبر 2007کو دنیا بھر کے سینما گھروں کی زینت بنی ۔

مسٹر بین کی مزاحیہ اداکاری نہ صرف بچوں میں مقبول ہے بلکہ بڑے بوڑھے بھی ان کے منفرد کردار کو دیکھ کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔

روون ایٹکنسن اپنی حقیقی زندگی میں بھی مشغول رہتے ہیں۔ ان کے بارے میں یہ مشہور ہے کہ انہیں جنون کی حد تک گاڑیوں کا شوق ہے ساتھ ہی ان کے پاس موجود گاڑیوں کے ماڈل بھی جدید ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں بچپن سے ہی کتابیں لکھنے کا بھی بہت شوق ہے۔

ایک طرف ان کے اپنے شوق ہیں تو دوسری جانب روون ایٹکنسن نے الیکٹریکل انجینئرنگ کی تعلیم بھی حاصل کر رکھی ہے۔

مسٹر بین کی اہلیہ سنیترا سستری ایک نہایت دلکش اور خوبرو خاتون تھیں جو برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی میں بطور میک اپ آرٹسٹ کام کرچکی ہیں۔

تاہم دونوں کے درمیان سنہ 2014 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔مسٹر بین کی ایک بیٹی بھی ہے جو نہایت ہونہار اور ذہین ہے۔ للی اٹکنسن گلوکارہ اور سونگ رائٹر ہیں جبکہ وہ اپنے والد کے ساتھ کئی فلموں میں بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں۔

واضح رہے کہ 9نومبر 2012کو روون ایٹکنسن نے مشہور زمانہ شو ’مسٹربین‘ کے کردار کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

مسٹر بین آخری بار سال 2018 میں اپنی ریلیز ہونے والی فلم جونی انگلش3 میں دیکھے گئے- اس کے بعد سے وہ اب تک اسکرین سے غائب ہیں- یوں تو اس عرصے کے دوران مسٹر بین کے انتقال کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں تاہم ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں تھی-

البتہ اتنا ضرور ہے کہ وہ اس وقت شوبز کی دنیا سے دور اپنی زندگی گزار رہے ہیں- اور اس زندگی کو انہوں نے میڈیا سے خفیہ رکھا ہوا ہے-

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More