ڈرامہ میرے پاس تم ہو کی آخری قسط 25 جنوری ہفتے کی شب آٹھ سے دس بجے تک اے آر وائی ڈیجیٹل اور پاکستان بھر کے بڑے سنیما گھروں میں دِکھائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا مقبول ترین ڈرامہ کی آخری قسط بڑے پردے پر نشر ہونے کے لئے تیار ہے۔ ملک بھر کے بڑے سنیما گھروں میں ایڈوانس بکنگ جاری ہے۔ مداحوں کی جانب سے کافی دلچسپی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے جبکہ سوشل میڈیا صارفین بھی کسی سے پیچھے نہیں۔
ڈرامہ کی سیکنڈ لاسٹ قسط کے بعد سے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 'میرے پاس تم ہو' کا ہیش ٹیگ ٹرینڈنگ پر ہے۔ صارفین یہ ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے آخری قسط میں کیا ہونے جا رہا ہے؟ بتاتے نظر آرہے ہیں اور اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔ آخری قسط کے حوالے سے مختلف قسم کی پیشن گوئیاں کی گئیں۔
سب سے دلچسپ تبصرہ عمیر نامی ایک صارف نے کیا جس کا کہنا تھا کہ 'دانش اپنا سارا پیسہ ڈیم فنڈ میں دے کر خود کشی کر لے گا جبکہ مہوش یہ خبر سن کے مر جائے گی'۔
دیگر صارفین کی جانب سے اس ٹوئٹ کو کافی پسند کیا گیا۔
الشبہ نامی ایک صارف کا کہنا تھا کہ 'ڈرامہ کی آخری قسط میں دانش مر جائے گا جبکہ مہوش اپنی باقی کی زندگی پچھتاوے میں گزار دے گی'۔ رومی کے حوالے سے لکھا کہ 'رومی کو ہانیہ رکھ لے گی یا پھر شہوار اور اس کی بیوی ماہم رومی کو اپنے پاس رکھ لیں گے'۔
ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ 'شہوار مر جائے گا، مہوش کی شادی چوکیدار سے ہو جائے گی، دانش، ہانیہ کی چھوٹی بہن (وتھیرا) سے شادی کر لے گا'۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی خبروں سے تعلق رکھنے والے ایک اکاؤنٹ کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا جس میں لکھا تھا کہ 'دانش آخری قسط میں خودکشی کر لے گا'۔
نادیہ نامی صارف کا کہنا تھا کہ 'مہوش آخر میں تنہا رہ جائے گی جبکہ دانش کی شادی ٹیچر سے ہو جائے گی'۔