پاکستانی فلمز اور ڈرامہ انڈسٹری کے مشہور و معروف فنکار ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ وہ ڈراموں میں آنے سے قبل ایک گارمنٹس فیکٹری میں بطور جنرل مینجر ملازمت کیا کرتے تھے۔
اداکار ہمایوں سعید نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ بچپن میں بالکل بھی شریر نہیں تھا، میں ایک گارمنٹس فیکٹری میں بطور جنرل مینیجر نوکری کرتا تھا لیکن فیکٹری کراچی سے لاہور منتقل ہونے کی وجہ سے شوبز میں آنے کا فیصلہ کیا ۔ انٹر ویو کے دوران ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ میں اپنے پہلے ہی آڈیشن میں کامیاب ہو گیا اور مجھے ڈرامہ سیریل میں مرکزی کردار سونپا گیا۔
شوٹ کے پہلے دن پروڈیوسر اور ہدایتکار کی توقعات کے مطابق مرکزی کردار ٹھیک طرح نبھا نہیں سکا اور میرا کردار تبدیل کر دیا گیا، لیکن میں نے وہ ڈرامہ ادھورا چھوڑ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنے ایک دوست کے ساتھ مل کر سنگل ڈرامہ کیا جو بہت برا تھا لیکن جس پروڈیوسر نے مجھے پہلے ڈرامے میں مسترد کیا تھا انہوں نے کہا کہ جو ڈرامہ تم نے بنایا ہے وہ برا ہے لیکن تم بہتر ہو میرے پراجیکٹ میں کیا ہو گیا تھا۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ اسی پروڈیوسر نے ڈرامہ سیریل یہ جہاں میں کاسٹ کیا ، اس کے بعد مجھے ایک کمرشل کرنے کا بھی موقع ملا،جس کے بعد میں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا ۔ انہوں نے کہا کہ حالات اور شوق مجھے شوبز کی دنیا میں لے کر آئے، ابتدائی دور سخت تھا لیکن میں نے محنت کی اور اللہ تعالی نے مجھے کامیابی کا پھل عطا کیا۔
واضح رہے کہ ہمایوں سعید اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ بہترین اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوتے ہیں۔