پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار عمران اشرف کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو طالبات بائیک پر سوار ہیں، عمران اشرف نے اپنی گاڑی ان کی موٹر سائیکل کے قریب روکی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اداکار نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'کون کہتا ہے پاکستان محفوظ ملک نہیں ہے۔ یہ دیکھیے ہماری بہادر لڑکیوں کو ماشااللہ جو کراچی میں بائیک چلا رہی ہیں'۔
عمران اشرف نے موٹر سائیکل پر موجود لڑکی سے پوچھا کہ 'بائیک کب سے چلا رہی ہو'؟ جواب میں لڑکی نے بتایا 'ایک سال سے' جس پر اداکار نے اسے شاباش دی اور ہدایت بھی کی کہ ہمیشہ ایسے ہی بہادری کا مظاہرہ کرنا ہے۔
آخر میں عمران نے ان لڑکیوں کو مدد کی بھی پیشکش کی۔
مداحوں کی جانب سے عمران اشرف کی اس ویڈیو کی بے حد تعریف کی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا کی ایک صارف کا کہنا تھا کہ مجھے عمران اشرف کی یہ ویڈیو دیکھ کے بے حد خوشی ہوئی، تنقید کرنے والے تو بہت ہوتے ہیں لیکن تعریف بہت کم لوگ کرتے ہیں۔
کچھ صارفین نے لڑکی کی بھی تعریف کی جبکہ کچھ نے عمران اشرف کو بہترین انسان کہا۔

ایک صارف نے لکھا کہ اس ویڈیو نے میرا دن اچھا کر دیا۔